Global pandemic, deadly virus, Pakistan, NCOC, lockdown
12 اپریل 2021 (22:26) 2021-04-12

پاکستان میں کورونا ویکسین لگانے والوں کیلئے رمضان المبارک میں نئے اوقات کار جاری کر دئیے گئے ،کورونا ویکسی نیشن سنٹرز کی طر ف سے رمضان المبارک کے نئے اوقات کے مطابق پہلی شفٹ صبح 10 سے سہ پہر 4 بجے تک ہوگی ،جبکہ کورونا ویکسین لگوانے کیلئے دوسری شفٹ رات 9 بجے سے 1 بجے تک ہوگی ۔

تفصیلات کے مطابق عالمی وبا کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر حکومت نے رمضان المبارک میں بھی کورونا ویکسی نیشن لگانے کا عمل جا ری رکھنے کا اعلان کر دیا ہے ،حکومت کی طرف سے کورونا ویکسی نیشن سنٹرز کیلئے دو شفٹوں کے لیے رمضان شیڈول ترتیب دیدیا ہے ،جس کے مطابق پہلی شفٹ صبح 9 سے سہ پہر 4 بجے تک اور دوسری شفٹ رات 9 سے 1 بجے تک ہو گی ۔

محکمہ صحت کے مطابق رمضان المبارک کے اوقات کار اطلاق یکم رمضان المبارک سے ہو گا۔،رمضان المبارک کے اوقات کار کا اطلاق صوبہ بھر میں ہو گا۔

دوسری طرف نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا کی مجموعی صورت حال پر مبنی رپورٹ جاری کر دی ہے ، رپورٹ کے مطابق کورونا سے زیادہ متاثرہ ممالک میں پاکستان 35ویں نمبر پر ہے، کورونا  سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں امریکہ پہلے، بھارت  دوسرے اور برازیل تیسرے نمبر پر ہے۔

 این سی او سی رپورٹ  کے اعدادو شمار  میں بتایا گیا ہے کہ   پاکستان میں کورونا کے باعث 61سے 70سال کی عمر کے افراد کی سب سے زیادہ اموات ہوئیں،ملک میں ابتک 61سے 70 سال کے 4ہزار 398افراد انتقال کر چکے ہیں،50 سے 60سال کی عمر کے 3921اور 71سے 80سال کے 2763افراد جاں بحق ہوئے۔

   ملک میں کورونا سے 81سے 90سال کے 917اور سو سال سے زائد 126کی کورونا سے موت ہوئی، این سی او سی رپورٹ  کے مطابق ملک میں ایک سے دس سال کے 42بچے بھی کورونا سے جاں بحق ہوئے ،ملک میں ابتک 10ہزار 267مرد 5ہزار 231خواتین اور تین خواجہ سرائوں کی کورونا سے موت ہو چکی ہے۔

 کورونا سے سب سے زیادہ کراچی میں 3ہزار 844اموات ہو چکی ہیں،   لاہور میں 2ہزار 936، راولپنڈی میں 1067، پشاور میں 785اموات ہو چکی ہیں، این سی او سی رپورٹ  کے مطابق پنجاب میں کورونا کے 348مریضوں کی وینٹی لیٹر پر موت ہوئی، خیبر پختونخواہ میں 65اسلام آباد میں 52مریضوں کا وینٹی لیٹر پر انتقال ہوا، سندھ میں کورونا کے 37مریض وینٹی لیٹر پر جاں بحق ہوئے۔

 ملک میں کورونا کی مثبت شرح 10اعشاریہ 29فیصد ہے،گجرانوالہ میں کورونا مریضوں کے لئے مختص 88فیصد وینٹی لیٹر بھر گئے، ملتان میں 81فیصد،لاہور میں 79فیصد وینٹی لیٹر بھر گئے، اسلام آباد میں 57فیصد وینٹی لیٹر کورونا مریضوں سے بھر گئے، رپورٹ  میں کہا گیا ہے کہ ملک میں کورونا سے ابتک 15ہزار 442ہیلتھ ورکرز متاثر ہو چکے ہیں،  150ہیلتھ کیئر ورکرز ابتک کورونا سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔


ای پیپر