دوسرا ٹی 20، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 141 رنز کا ہدف دیدیا
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
12 اپریل 2021 (19:10) 2021-04-12

جوہانسبرگ: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے ٹی 20 میچ میں قومی ٹیم نے پروٹیز کو جیت کیلئے 141 رنز کا ہدف دیدیا ہے، کپتان بابراعظم سب سے زیادہ 50 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔ 

تفصیلات کے مطابق دی وینڈررز کرکٹ سٹیڈیم جوہانسبرگ میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنا سکی۔ قومی ٹیم اننگز کے ابتداءسے ہی مشکلات کا شکار رہی اور اوپنر محمد رضوان پہلی ہی گیند پر محمد رضوان بغیر کوئی سکو ربنائے پویلین لوٹ گئے۔ 

شرجیل خان نے فلک شگاف چھکا لگا کر خطرناک ارادے تو ضرور ظاہر کئے مگر تیسرے اوور کی پانچویں گیند پر وہ بھی 8 رنز بنا کر جارج لینڈے کی گیند پر کیچ ہو گئے۔ کپتان بابراعظم نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے 50 گیندوں پر 50 رنز بنائے اور مگالا کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ دیگر بلے بازوں میں محمد حفیظ 32، حیدر علی 12، فہیم اشرف 5، حسن علی 12، محمد نواز 2 ، شاہین شاہ آفریدی 7 اور عثمان قادر 4رنز بنا سکے۔ 

جنوبی افریقہ کی جانب سے جارج لینڈے سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 23 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور لیزاڈ ولیمز نے 4 اوورز میں 35 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ تبریز شمسی اور سیساندا مگالا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ میچ کیلئے قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، شرجیل خان، محمد حفیظ، حیدر علی، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، عثمان قادر اور محمد حسنین شامل ہیں۔ 

جنوبی افریقہ کی قیادت ہینرچ کلاسن کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں یانامن ملان، ایڈن مارکرم، ویان لیوب، پیٹے وین بلیون، جارج لینڈے، اینڈیل فیلوک وائیو، سیساندا مگالا، بیورن ہینڈرکس، لیزاڈ ولیمز اور تبریز شمسی شامل ہیں۔ 

(بشکریہ: نیو نیوز)


ای پیپر