ایسٹر کے موقع پر صدر اور وزیر اعظم کا پیغام
12 اپریل 2020 (14:57) 2020-04-12

اسلام آباد: ملک بھر میں عیسائی کمیونٹی آج ایسٹر منا رہی ہے، تاہم کرونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر سرگرمیاں محدود رہیں، صدر اور وزیر اعظم سمیت سیاسی رہنماؤں نے مبارکباد کے پیغام میں مسیحی بھائیوں سے اپنی عبادات میں کرونا وائرس کے خاتمے کیلئے خصوصی دعاؤں کی اپیل کی ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی دنیا بھر کے عیسائی برادری کو مبارکباد، اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کو ملک میں مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ صدر مملکت نے مسیحی برادری کی ملک کیلئے سماجی خدمات کو سراہا۔

وزیر اعظم عمران خان اور وزیر مذہبی امور کا بھی مسیحی برادری کو ایسٹر پر مبارکباد کا پیغام ، وزیر اعظم نے مسیحی کمیونٹی کو ایسٹر کی تقریبات محدود رکھنے کی اپیل کی۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بھی ایسٹر پر مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کی، کہا پاکستانی قوم اپنے مسیحی بھائیوں کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے۔ شہباز شریف نے مسیحی برادری سے وبا سے نجات کیلئے دعا کی اپیل کی۔

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بھی مسیحی بھائیوں سے ایسٹر پر کرونا کے خاتمے کیلئے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا بھی ایسٹر پر مبارکباد کا پیغام ، کہا ایسٹر پر سماجی فاصلے سے خود بھی محفوظ رہیں اور دوسروں کو بھی محفوظ رکھیں۔ وزیر ِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بھی مسیحی بھائیوں سے کرونا سے متعلق احتیاطی تدابیر نظر انداز نہ کرنے کی اپیل کی۔


ای پیپر