'مولانا صاحب مال بچاؤ پارٹیاں آپ کو قربانی کا بکرا بنانے کی سازش کر رہی ہیں'
11 ستمبر 2019 (22:36) 2019-09-11

اسلام آباد :وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان صاحب بلاول کے بیان کا مطلب ہے ”جاگدے رہنا، ساڈے تے نہ رہنا“۔

ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ بلاول صاحب چاہتے ہیں کہ دھرنا مولانا صاحب اور ان کے مدارس کے بچے دیں اور وہ بلٹ پروف گاڑی سے اتر کر کرسی پر بیٹھ جائیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ پہلے دن کہا تھا کہ اپوزیشن ”آپس میں سیاست کر رہی ہے“پہلے بھی کہا تھا کہ اپوزیشن کو خود اپوزیشن سے خطرہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ مولانا صاحب موروثی سیاست اور مال بچاؤ پارٹیاں آپ کو قربانی کا بکرا بنانے کی سازش کررہی ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ بلاول صاحب ملک کا دورہ کرنے کے بجائے کراچی کا دورہ کرکے وہاں پھیلے کچرے کی صفائی پر توجہ دیں۔

انہوں نے کہاکہ بدقسمتی ہے کہ وسائل سندھ کے غریب عوام تک نہیں پہنچ رہے۔ جب تک موجودہ پیپلز پارٹی سندھ میں مسلط ہے، سندھ اور اس کے عوام کا بھلا ممکن نہیں۔

انہوں نے کہاکہ بلاول صاحب ! وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کے سفیر کے طور پر دنیا بھر میں مظلوموں کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ خان صاحب جمعہ کے روز کشمیریوں کے حق کی آواز بلند اور بھارتی ظلم و جبر کو بے نقاب کریں گے۔یہ وقت قوم کو تقسیم نہیں یکجا کرنے کا ہے۔


ای پیپر