تمام کارکن مولانا کے آزادی مارچ میں شرکت کریں:نواز شریف
11 ستمبر 2019 (21:01) 2019-09-11

اسلام آباد:مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنماءسینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ اب ڈیل ان لوگوں کو کرنے کی ضرورت ہے جن سے عوام کا دباﺅ برداشت نہیں ہورہا ،نوازشریف کی ڈیل کی کوئی خواہش نہیں ہے ، نواز شریف نے اس بات کا گرین سگنل دیا ہے کہ ہمارے تمام لوگوں کو مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ میں شرکت کرنی چاہیے۔

بدھ کو پارلیمنٹ ہاﺅ س میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا میاں نوازشریف اور دیگر ہماری قیادت سے رابطہ ہے اور میاں صاحب نے بالکل اس بات کا گرین سگنل دیا ہے کہ ہمارے تمام لوگوں کو مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ میں شرکت کرنی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ جمہوری جماعتوں میں ایک رائے نہیں ہوتی جو فاشسٹ پارٹیاں ہوتی ہیں ان کی ایک ہی رائے ہوتی ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈیل کا لفظ کوئی اچھا نہیں ہے ، ڈیل کرنے کا تو یہ وقت ہے ہی نہیں ہے ،نوازشریف نے وزارت عظمیٰ دےدی ،جیلیں کاٹ لیں ،بیٹی جیل کاٹ چکی ہے ابھی پھر جیل میں ہے ، یہ سب کچھ کرانے کے بعد کون سی ڈیل ہے؟ ،اب ڈیل ان لوگوں کو کرنے کی ضرورت ہے جن سے پبلک پریشر برداشت نہیں ہورہا ،نوازشریف کی ڈیل کی کوئی خواہش نہیں ہے ۔

مشاہداللہ خان نے کہا کہ سیاستدان کبھی بھی بات چیت کےلئے اپنے دروازے بند نہیں کرتا ، نوازشریف اس خطے کا سب سے بڑا سیاستدان ہے ، بات چیت اگر ہوگی تو اصول کو قائم رکھ کر ہوگی اصول کو توڑ کر نہیں ہوگی ۔


ای پیپر