نواز شریف کی ڈیل کا فیصلہ نیب ہی کریگا :وفاقی وزیر داخلہ
11 ستمبر 2019 (20:52) 2019-09-11

سرگودھا: وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر(ر) اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ نواز شریف سے ڈیل کے حوالہ سے مجھے کوئی معلومات نہیں ہے وہ نیب کے قیدی ہیں جن کا فیصلہ نہ میں کرسکتا ہوں اور نہ ہی کیبنٹ کرسکتی ہے۔

اعجاز شاہ نے مزید کہا کشمیر کے سودا کرنے کی باتیں غلط ہیں اور جو لوگ کشمیر کا سودا کر سکتے ہیں اللہ نے انہیں جیل بھیج دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی ڈیل کے حوالہ سے جاری اطلاعات کے بارے میں انکو کوئی خبر نہیں ہے۔ وہ نیب کے قیدی ہیں اور وہ ہی انکا فیصلہ کریں گے۔ نواز شریف کا فیصلہ نہ تو وہ کرسکتے ہیں اور نہ ہی کیبنٹ,وفاقی وزیر داخلہ نے کہا حکومت نے مسئلہ کشمیر کو جس طرح دنیا کے سامنے اٹھا یا پہلے کبھی نہیں اٹھایا گیا، ہم بھی مولانا فضل الرحمان کو احتجاج کیلئے کنٹینر دے دینگے۔

وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور یہ بات قائداعظم فرماگئے ہیں۔ 1964 کے بعد پہلی مرتبہ اقوام متحدہ میں سلامتی کونسل میں یہ مسئلہ اٹھایا گیا ہے۔ حکومت نے جس اچھے طریقے سے کشمیر کے مسائل دنیا کے سامنے اٹھائے ہیں اس سے بہتر طریقے سے انکو نہیں اٹھایا جاسکتا۔

مولانا فضل الرحمن کو حکومت کے خلاف احتجاج کے موقع پر کنٹینر فراہم کرنے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ہم بھی انکو کنٹینر دیدینگے۔ وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے چک 47 شمالی پہنچے جہاں پر انہوں نے جنرل ریٹائرڈ ارشاد تارڑکی بیوی کے جنازہ میں شرکت کی۔ نماز جنازہ میں سیاسی سماجی اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔


ای پیپر