فوٹوبشکریہ فیس بک

 بیگم کلثوم نواز ہارلے کلینک لندن میں انتقال کر گئیں
11 ستمبر 2018 (15:56) 2018-09-11

لندن : سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز انتقال کر گئیں۔ انہیں آج انتہائی تشویشناک حالت کے باعث دوبارہ وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق خاندانی ذرائع نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے۔ لندن کے ہارلے سٹریٹ کلینک میں زیر علاج سابق وزیراعظم کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی طبیعت گزشتہ رات ایک مرتبہ پھر انتہائی تشویشناک ہوگئی تھی جس پر انہیں آج برطانوی وقت کے مطابق ساڑھے دس بجے وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا تھا جبکہ ڈاکٹرز ان کی صحت کے حوالے سے کچھ نہیں بتا رہے تھے تاہم اب حسن نواز شریف نے تصدیق کی ہے کہ ان کی والدہ انتقال کر گئی ہیں۔

ہارلے سٹریٹ کلینک کے ذرائع کے مطابق بیگم کلثوم نواز کے پھیپھڑوں کا مسئلہ سنگین ہو گیا تھا جس کے باعث انہیں وینٹی لیٹر پر ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

بیگم کلثوم نواز لاہور میں 1950 کو پیدا ہوئیں ان کا تعلق کشمیری خاندان سے تھا۔ انھوں نے اسلامیہ کالج اور ایف سی کالج سے تعلیم حاصل کی۔ بیگم کلثوم نواز نے 1970 میں پنجاب یونیورسٹی سے اردو میں ماسٹر ڈگری حاصل کی۔ وہ گاما پہلوان کی نواسی تھیں، ان کا ایک بھائی اور دوبہنیں تھیں۔

بیگم کلثوم کی میاں نواز شریف سے اپریل 1971 میں شادی ہوئی، ان کے دو بیٹے حسن اور حسین نواز جبکہ دو بیٹیاں مریم اور اسما ہیں۔

بیگم کلثوم نواز نے 1999 میں نواز شریف کی حکومت کا تختہ الٹے جانے اور سعودی عرب جلاوطنی کے بعد سیاسی جدوجہد کی اور مسلم لیگ نواز کو زندہ رکھا۔

 

 

 

 

 

 

 

 


ای پیپر