ٹک ٹاک پر پابندی سے ٹیکنالوجی کے بزنس کو نقصان پہنچے گا :فواد چوہدری 
11 اکتوبر 2020 (19:54) 2020-10-11

سیالکوٹ:وفاقی وزیر سائنس ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ٹک ٹک پر پابندی سے ٹیکنالوجی کے بزنس کو نقصان پہنچے گا اس لئے وزیر اعظم عمران خان کو ٹک ٹاک پر پابندی کے فیصلے پر نظر ثانی کیلئے خط لکھا ہے ۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ٹک ٹاک،یو ٹیوب یا فیس بک کمپنیاں نہیں بلکہ انہیں پورا ملک سمجھیں کیونکہ ان کمپنیوں کے بجٹ ہمارے ملکوں کے بجٹ سے زیادہ ہیں، انہوں نے کہا کہ پی ٹی اے کی جانب سے ٹک ٹاک پر پابندی سے ٹیکنالوجی کے بزنس کو نقصان پہنچے گا،ٹیکنالوجی کے ذریعے ہی ملک کو آگے لیکر جائینگے ،روٹین کے آلو، مٹر،گاجر وغیرہ بیچ کر نہ توہم ترقی کرسکتے ہیں اور نہ ہی اپنی حالت بدل سکتے ہیں ۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہا بھارت کا دہشت گردی اور منی لانڈرنگ کے حوالے سے نام آ رہا ہے،بھارت کا 44 ممالک میں منی لانڈنگ کے حوالے سے نام آیا ہے اور وہ دہشتگردوں کے گروپوں کی مدد بھی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایف اے ٹی کے حوالے سے پاکستان اپنا کردار ضرور ادا کریگا، انہوںنے کہاکہ ایف اے ٹی ایف میں بھی ہمیں این آر او کے لئے بلیک میل کیا گیا۔

فواد چوہدری نے کہا جب بھی معیشت بہتر ہونے لگتی ہے تو ملک دشمن سرگرم ہو جاتے ہیں،ملک میں مہنگائی کی وجہ آمدن کم اور اخراجات کا زیادہ ہونا ہے۔


ای پیپر