محکمہ موسمیات نے شہریوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی ،اہم خبر 
11 اکتوبر 2020 (16:10) 2020-10-11

کراچی :گرمیوں سے چھٹکارے کا خواب دیکھنے والی عوام کو ابھی مزید صبر کرنا پڑیگا کیونکہ محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے ،کراچی سندھ سمیت متعدد علاقوں میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے شمال اور مغربی علاقوں میں ہیٹ ویو کے دوران تیز ہوائیں چلیں گی ، محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا درجہ حرارت ہیٹ ویو کے دوران 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے ، محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کیلئے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہری ہیٹ ویو کے دوران گھروں سے صرف ضروری کاموں کیلئے ہی نکلیں ۔

محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ ہیٹ ویوکا دورانیہ 6 سے 8 دن تک شہر پر اثر انداز ہو سکتا ہے ،متعلقہ اداروں کو ہیٹ ویو سے متعلق ضروری اقدامات کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں ، محکمہ موسمیات نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ 11 سے 4 بجے کے اوقات میں شہری بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

واضح رہے دو روز قبل بھی   محکمہ موسمیات نے شہر میں آئندہ چار سے پانچ روز کے دوران گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا تھا ،ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز  کا کہنا رتھا کہ آئندہ چار سے پانچ روز میں شہر میں موسم گرم اور مرطوب رہ سکتا ہے جب کہ اس دوران سمندری ہواؤں کی رفتار میں بھی کمی کا امکان ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شمال مشرقی علاقوں سے گرم اور خشک ہوائیں چل سکتی ہیں،ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق اکتوبر اور نومبر کے دوران بحیرہ عرب اور خلیج بنگال میں سائیکلون بنتے ہیں، ڈپریشن اگر وسطی بھارت تک پہنچا تو کراچی میں ہواؤں کا رخ تبدیل ہوسکتا ہے جب کہ ڈپریشن سے پاکستان کی ساحلی پٹی کو براہ راست کوئی خطرہ نہیں۔


ای پیپر