پیپلزپارٹی نے کراچی سے کشمیر تک احتجاجی جلسوں کا اعلان کر دیا
11 اکتوبر 2019 (20:53) 2019-10-11

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی نے کراچی سے کشمیر تک حکومتی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی جلسوں کے شیڈیول کا اعلان کر دیا ہے، پروگرام کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری 18اکتوبر کو کراچی میں جلسے سے خطاب کریں گے.

واضح رہے کہ 18اکتوبر 2007ءکو سانحہ کارساز ہوا تھا جس میں پیپلزپارٹی کے کارکن بڑی تعداد میں شہید ہوئے تھے۔ یہ سانحہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی وطن واپسی کے بعد کارساز کے مقام پر ان کے کارواں پر خودکش حملے کی وجہ سے ہوا تھا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی 23 اکتوبر کو تھرپارکر میں جلسہ عام کریں گے جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 26اکتوبر کو سندھ اور پنجاب کی سرحد کشمور کے مقام پر احتجاجی جلسے سے خطاب کریں گے جس کے بعد وہ جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں جلسوں اور ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے وسطی پنجاب میں داخل ہوں گے۔

وسطی پنجاب کے بعد چیئرمین پیپلزپارٹی کے پی جائیں گے جبکہ 30نومبر کو آزاد کشمیر کے شہر مظفرآباد میں پارٹی کا یوم تاسیس منائیں گے۔ اس سلسلے میں پاکستان پیپلزپارٹی کی صوبائی ڈویژنل اور ضلعی تنظیموں نے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔


ای پیپر