فائل فوٹو

مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کی پوری طرح حمایت کرتے ہیں: نواز شریف
11 اکتوبر 2019 (11:05) 2019-10-11

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کی پوری طرح حمایت کرتے ہیں۔

کمرہ عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ مولانا نے الیکشن کے فوری بعد اسمبلیوں سے استعفے دینے کا کہا اور ہمیں احتجاج کرنے کا کہا لیکن سمجھتا ہوں کہ ان کی بات کو رد کرنا غلط تھا۔ شہباز شریف کو خط لکھا ہے سب کچھ لکھ کر بھیجا ہے۔

سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ میں ووٹ کو عزت دو کے نعرے کیوجہ سے آج اس جگہ موجود ہوں۔ دنیا میں عزت کمانے کیلئے ووٹ کو عزت دینا ہوگی۔ پاکستانیوں کے حقوق کیلئے ہمیں ووٹ کو عزت دینا ہوگی۔ ووٹ کو عزت دو پر پہلے بھی ڈٹا تھا اب بھی ڈٹا ہوا ہوں، جو قومیں ترقی کرتی ہیں وہ اصولوں سے نہیں ہٹتیں۔

نواز شریف نے گفتگو کے دوران شعر بھی سنایا: 'جینا ذلت سے ہو تو مرنا اچھا'۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے ہمارا سر کوئی نہیں جھکا سکتا، ان ہتھکنڈوں سے نہیں گھبرائیں گے۔ شہباز شریف کو کل تحریری طور پر ہدایت دیدی ہے۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت نے چوہدری شوگر ملز کیس میں سابق وزیراعظم کو 14 روز کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دیدیا ہے۔ نواز شریف کو نیب حکام نے چوہدری شوگر ملز کیس کی سماعت کے سلسلے میں احتساب عدالت میں پیش کیا تھا۔


ای پیپر