بیرون ملک پرواز یا عملی سیاست میں انٹری ,دھماکہ دار خبر
11 اکتوبر 2018 (17:27) 2018-10-11

لاہور :سابق وزیراعظم کی بیٹی اور مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کی رہائی کے بعد سے سیاسی سرگرمیوں میں حصہ نہ لینے اور مسلسل خاموشی کے باعث مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔

کئی سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ شاید شریف برادران کی اداروں کے ساتھ کوئی ایسی ڈیل ہوئی ہے جس میں یہ بات طے ہے کہ نواز شریف اور ان کی بیٹی سیاسی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لیں گے،بعض ٹی وی اینکرز اور تبصرہ نگاروں کا خیال ہے کہ نواز شریف اور ان کی بیٹی ایک مخصوص وقت کے بعد پاکستان سے باہر چلے جائیں گے اور عملی سیاست میں حصہ نہیں لیں گے۔

مسلم لیگ ن مخالف جماعتیں اور دیگر لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ نواز شریف اور مریم کی سیاست ختم ہو چکی ہے لہٰذا وہ ماضی کا ایک حصہ ہیں اور وہ صرف اپنے کیسوں سے جان چھڑا کر ملک سے بھاگنا چاہتے ہیں،میڈیا رپو رٹس کے مطابق مریم نواز کے انتہائی قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ مریم نواز خاموشی سے اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں وہ مسلم لیگ ن کے مختلف وفود سے ملاقاتیں کر رہی ہیں اور آئندہ کا سیاسی لائحہ عمل پر بھی مشاورت جاری ہے جبکہ وہ عوامی اجتماع سے خطاب اور دیگر سیاسی سرگرمیوں کے لیے شیڈول مرتب کر رہی ہیں۔

مریم نواز کے قریبی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ اپنی والدہ کے چہلم کے فوری بعد عوامی اجتماع سے خطاب کرنا شروع کریں گی اور تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف بھرپور احتجاجی تحریک کا آغاز کریں گی جس کے تحت ملک بھر میں عوامی اجتماع سے خطابات کیے جائیں گے،اس کے علاوہ ان کو یہ بھی مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وہ موجودہ حکومت کے خلاف فیصلہ کن جنگ کے لیے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ بھی کریں۔


ای پیپر