فوٹوبشکریہ فیس بک

قرض کیلئے پاکستان کی باضابطہ درخواست ابھی موصول نہیں ہوئی، کرسٹین لاگارڈ
11 اکتوبر 2018 (13:03) 2018-10-11

بالی: عالمی مالیاتی فنڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لاگارڈ کا کہنا ہے کہ قرض کے لیے پاکستان کی باضابطہ درخواست ابھی موصول نہیں ہوئی۔

بالی میں نیوز کانفرنس کے دوران کرسٹین لاگارڈ کا کہنا تھا کہ پاکستانی وفد سے ملاقات ہو گی اور امید ہے کہ بات چیت کے دوران پاکستان مالیاتی پروگرام کی درخواست کرے گا۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے معیشت کو استحکام بخشنے کے لیے آئی ایم ایف پروگرام لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر خزانہ اسد عمر بھی آئی ایم ایف پروگرام میں جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ ملک جس مشکل حالات سے گزر رہا ہے پورے ملک کو ادراک ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف سے ایسا پروگرام لینا چاہتے ہیں جس سے معاشی بحران پر قابو پایا جا سکے۔ ایسا پروگرام لانا چاہتے ہیں کہ جس کا کمزور طبقے پر کم سے کم اثر پڑے اور معاشی بحالی کے لیے ہمارا ہدف صاحب استطاعت لوگ ہیں۔

حکومت کو اس سال اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے 8 سے 9 ارب ڈالر درکار ہیں تاہم حکومت اس پروگرام کو بیل آؤٹ پیکج کا نام نہیں دینا چاہتی۔


ای پیپر