وزیر اعظم عمران خان اور بھارتی وزیر اعلیٰ پنجاب کے درمیان تعلقات ،اہم انکشافات
11 نومبر 2019 (18:27) 2019-11-11

امر تسر :وزیرا عظم عمران خان کا بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ سے دہائیوں پرانا تعلقات سامنے آگیا ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب امریندر سنگھ نے کرتارپور صاحب گوردوارہ کی افتتاحی تقریب کے روز گوردوارہ جاتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ پانچ منٹ بس میں سفر کیا۔اس دوران دونوں نے کرکٹ پر تبادلہ خیال کیا اورامریندر سنگھ نے وہ وقت یاد کیا جب عمران خان کے چچا نے ان کے والد کی کپتانی میں 1934 سے 1935 تک پٹیالہ اور بھارت کے لیے کرکٹ کھیلی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سفر کے دوران عمران خان اور امریندر سنگھ دونوں پر یہ انکشاف ہوا کہ ان دونوں کی فیملیز کے درمیان ایک خاص تعلق ہے، جبکہ وہ دونوں آپس میں پہلے کبھی نہیں ملے اور نہ ہی ایک دوسرے کو جانتے تھے۔پانچ منٹ کے مختصر سفر کے دوران امریندر سنگھ نے بتایا کہ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کو ان کے کرکٹ کریئر کے دوران کھیلتے دیکھا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان سے گفتگو کرتے ہوئے امریندر سنگھ نے مزید بتایا کہ عمران خان کے چچا جہانگیر خان پٹیالہ میں محمد نثار، لالہ امر ناتھ، فاسٹ بولر امر سنگھ اور وزیر علی، عامر علی کے ہمراہ امریندر سنگھ کے والد مہاراجہ یدوندر سنگھ کی کپتانی میں کرکٹ کھیلا کرتے تھے۔

واضح رہے کہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ کرتار پور کی افتتاحی تقریب کے موقع پر پاکستان آنے والے پہلے 550 سکھ یاتریوں میں شامل تھے۔ سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک کا 550 واں یوم پیدائش 12 نومبر کو منایا جائے گا۔


ای پیپر