فائل فوٹو

نواز شریف کا نام آج ای سی ایل سے نکال دیا جائے گا: گورنر پنجاب
11 نومبر 2019 (14:11) 2019-11-11

لاہور: گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صحت کے بارے میں سب فکر مند ہیں اور ہم نے اُن کی صحت کو سیاست میں نہیں لانا ہے۔

الحمرا ہال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری محمد سرور نے مزید کہا کہ نواز شریف کی صحت پر کوئی رسک نہیں لینا چاہتے تھے اس لیے ان کے علاج کیلئے ایک میڈیکل بورڈ بھی تشکیل دیا گیا۔

چوہدری محمد سرور نے کہا کہ آج نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکال دیا جائے گا جس کے بعد نواز شریف علاج کیلئے جہاں جانا چاہیں جا سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی سزا 8 ہفتوں کیلئے معطل کی تھی اور انہیں علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔

ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ آج نواز شریف نے علاج کیلئے بیرون ملک روانہ ہونا تھا لیکن ان کا نام ای سی ایل میں ہونے کی وجہ سے بیرون ملک روانگی منسوخ ہو گئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کی حالت ہر گزرتے دن کے ساتھ خراب ہوتی جا رہی ہے۔


ای پیپر