ایک ویڈیو منظر عام پر آنے سے کوئی ایسا طوفان نہیں آیا: چوہدری سرور
کیپشن:   فوٹو بشکریہ فیس بک
11 نومبر 2018 (15:26) 2018-11-11

لاہور: گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ق) ہماری اتحادی جماعت ہے اگر ان کے کوئی گلے شکوے ہیں تو اسے ضرور سنا جائے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ چوہدری برادران سے بہت اچھے تعلقات ہیں، ایک خاندان میں بھی باتیں ہوجاتی ہیں، ایک ویڈیو منظر عام پر آنے سے کوئی ایسا طوفان نہیں آیا۔

چوہدری سرور کا مزید کہنا تھا کہ تبدیلی کے آثار لوگوں کو بہت جلد نظر آنا شروع ہوجائیں گے، وزیراعظم سمیت ہم سب اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ کو وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی جہانگیر ترین سے گورنر پنجاب کی شکایت کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی رہائش گاہ پر ہونے والی اس ملاقات کے دوران طارق بشیر نے جہانگیر ترین کو کہا کہ ’سر مہربانی کریں چوہدری سرور کو کنٹرول کریں، یہ آپ کے وزیراعلیٰ کو نہیں چلنے دیں گے‘ جس پر چوہدری پرویز الٰہی نے بھی ہاں میں ہاں ملائی۔


ای پیپر