Employment opportunities for Pakistanis, Saudi Arabia will give most of the jobs to Pakistan: Foreign Minister
کیپشن:   فائل فوٹو
11 May 2021 (13:10) 2021-05-11

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خوشخبری دیتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب نے کہا ہے کہ اسے مستقبل میں 10 ملین ورکر درکار ہوں گے، اس کا بڑا حصہ وہ پاکستان کو دے گا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ ایم ا و یو بھی سائن کیے گئے ہیں۔ ان میں سے ایک معاہدے کے تحت پانچ ملین ڈالر کی رقم پاکستان کو ملے گی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز میں سے ایک بیروزگاری ہے۔ آئی ٹی ایکسپرٹس کی سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں بہت ڈیمانڈ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات غیر معمولی نوعیت کے ہیں۔ دورہ سعودی عرب کے نتائج آنے والے دنوں میں ظاہر ہوں گے۔ وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب میں گرمجوشی غیر معمولی تھی۔ سعودی ولی عہد نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب کا ایک سینئر وفد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ سعودی وزیر خارجہ کو بھی دعوت دی جو انہوں نے قبول کی، وہ چند گھنٹوں کیلئے نہیں ایک دو دن کیلئے آئیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں اسرائیلی جارحیت کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ فلسطین میں نہتے نمازیوں پر حملہ کیا گیا، ان پر ربڑ بلٹ اور ہینڈ گرینیڈ سے نشانہ بنایا گیا۔ پاکستان فلسطینی عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ فلسطین کے ایشو پر امت مسلمہ کو متحد ہونے کی ضرروت ہے۔ اقوام متحدہ کا ہنگامی اجلاس بلانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فلسطین میں تشدد فی الفور بند ہونا چاہیے۔ نہتے نمازیوں پر گرینیڈ پھینکنے کی کون سا قانون اجازت دیتا ہے۔ پاکستان کا موقف مسجد اقصیٰ اور فلسطین پر واضح ہے۔ ترکی نے بھی بیت المقدس پر واضح موقف اپنایا ہے۔

افغان امن عمل پر بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کابل میں چند واقعات ہوئے جن کی بے پناہ تکلیف ہوئی، سکول کو نشانہ بنانے کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ ننھے بچوں کو نشانہ بنانا اسلامی اقدار کے خلاف ہے۔ پاکستان نے ایسے حملوں کی فوری مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ ہم افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستان امن کے عمل میں افغان عوام کا خیر خواہ ہے۔ افغانوں پر زیادہ ذمہ داری ہے کہ وہ مل بیٹھ کر معاملات حل کریں۔ افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرنے کی پالیسی ہے۔


ای پیپر