پشاور کے ہوٹل میں دھماکہ ٗ ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق
11 مئی 2018 (15:06) 2018-05-11

پشاور : پشاور کے علاقے بلال ٹائون میں واقع ہوٹل میں دھماکے کے نتیجے میں ایک ہی گھرانے کے 5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔ بلال ٹائو ن کے آفندی ہوٹل کی پانچویں منزل پر گیس سلنڈر کا دھماکا ہوا جہاں قیام کرنے والے ہنگو سے تعلق رکھنے والے ایک ہی گھرانے کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں کامران، اس کی بیوی، والدہ اور دو بچے شامل ہیں جب کہ زخمی ہونے والے دو بچے کامران کے بھتیجے ہیں۔


سی سی پی او پشاور جمیل الرحمان نے کے مطابق متاثرہ خاندان ہنگو سے علاج کی غرض سے پشاور آیا تھا اور ہوٹل میں قیام پذیر تھا جب کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے دونوں بچے بھائی ہیں۔ ہوٹل کی پانچویں منزل پر کمرہ نمبر 408میں دھماکا ہوا جس کے باعث گھر میں آگ لگی اور ملبہ گرنے سے ہوٹل سے نیچے کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ دوسری جانب بم ڈسپوزل یونٹ نے موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ کا معائنہ کیا ۔


انچارج بم ڈسپوزل یونٹ اے آئی جی شفقت ملک کا کہنا تھا کہ دھماکا بارودی مواد کا نہیں گیس سلنڈر کا تھا اور جائے وقوعہ سے دھماکا خیز مواد کے کوئی شواہد نہیں ملے۔اے آئی جی شفقت ملک نے مزید کہا کہ متاثرہ فیملی کی جانب سے کچھ پکانے کے لیے سلنڈر جلایا گیا تو دھماکا ہوا اور آگ لگنے کے باعث زیادہ نقصان ہوا۔ ترجمان وزیراعلی خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ ہوٹل میں گیس لیکج دھماکے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، دھماکے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد کے جاں بحق ہونے پر افسوس ہے۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے 2 بھائی ہیں جن کا علاج جاری ہے، متاثرہ خاندان ہنگو سے علاج کے لیے پشاور آیا تھا۔


ای پیپر