سماجی تحفظ اور غربت کے خاتمے کیلئے 598.91 ملین روپے مختص
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
11 جون 2021 (21:18) 2021-06-11

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مالی سال 22-2021ءکے بجٹ میں سماجی تحفظ اور غربت کے خاتمے کے پروگرام کیلئے 598.91 ملین روپے کے فنڈز مختص کر دئیے گئے ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق جاری ترقیاتی منصوبوں مانیٹرنگ اینڈ ایولیویشن یونٹ اور احساس پروگرام کےلئے 98.9 ملین اور نئی سکیم میں احساس تحفظ پروگرام کیلئے 500 ملین روپے خرچ ہوں گے۔

وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پبلک سیکٹر ڈیویلپمنٹ پروگرام کیلئے بجٹ 630 ارب روپے سے بڑھا کر 900 ارب روپے کر رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ میں 40 فیصد سے زیادہ اضافہ کیا گیا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ پی ایس ڈی پی کے تحت ہمارا ویژن بہت سادہ ہے ہم زیادہ منافع بخش پروگرام میں سرمایہ کاری کریں گے جس سے بود و باش میں بہتری آئے گی اور کرپشن کی حوصلہ شکنی ہوگی۔

(بشکریہ: نیو نیوز)


ای پیپر