PPP, Chief Election Commissioner, election laws, PTI government, PML-N
11 جون 2021 (14:40) 2021-06-11

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے چیف الیکشن کمشنر کو الیکشن قوانین پر اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ۔

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے کہا کہ کسی کو الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں پر اعتماد نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا دور دراز علاقوں میں استعمال کیسے ہوگا ؟ آن لائن ووٹنگ میں ہیکنگ کا خدشہ ہے ۔ سرعام دھاندلی کو دعوت دی جا رہی ہے ۔

شیری رحمان نے کہا کہ حکومت ایسے قوانین لا رہی ہے جو آئینی اداروں میں تصادم لا سکتے ہیں ۔

واضح رہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) اور حکومت میں اختلافات ہیں ۔ ای سی پی نے الیکٹرانک ووٹنگ کی مخالفت میں ویڈیو شیئر کر کے ڈیلیٹ کر دی لیکن حکومت نے اس معاملے پر ردعمل دینے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں کی حق رائے دہی کیلئے بنائی جانے والی الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے خلاف تیار کیا جانے والا ایک صحافی کا وی لاگ کو الیکشن کمیشن کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر شیئر کیا گیا ، وی لاگ میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو ایک مہنگا فراڈ قرار دیا گیا تھا ۔

یہ ویڈیو تقریباً 2 گھنٹے تک ای سی پی کے ٹوئٹر ہینڈل پر موجود رہی تاہم ہلچل مچنے کے بعد اسے ڈیلیٹ کر دیا گیا ہے لیکن اس سے پہلے ہی متعدد صارفین نے اس کا سکرین شاٹ لے لیا جو بعد ازاں وائرل ہو گیا ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کا ٹوئٹر اکاﺅنٹ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) ڈیپارٹمنٹ آپریشن کرتا ہے جبکہ حکومت بھی الیکشن کمیشن کے ٹوئٹ پر حرکت میں آ چکی ہے اور اس معاملے پر ردعمل دینے کا فیصلہ بھی کر لیا ہے ۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن کے ترجمان الطاف احمد نے اس معاملے کو غلطی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکٹرانک وٹنگ مشین پر ادارہ اپنا موقف پہلے ہی دے چکا ہے ۔


ای پیپر