The trial of the terrorist who crushed the Pakistani family has started in Canada
کیپشن:   فائل فوٹو
11 جون 2021 (11:40) 2021-06-11

اونٹاریو: کینیڈا میں پاکستانی خاندان کو اپنے ٹرک کے نیچے کچل کر قتل کرنے والے دہشتگرد کا عدالتی ٹرائل شروع کر دیا گیا ہے۔ اس قاتل کی عمر 20 سال ہے جسے ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ملزم سے کی گئی ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ وہ اونٹاریو کا رہائشی ہے اور بطور ملازم ایک فارم پر کام کرتا تھا۔ اس نے ابھی 6 ماہ قبل ہی اونٹاریو کے شہر لندن میں سکونت اختیار کی تھی۔

پولیس نے اپنے مقدمے میں اس دہشتگرد پر 4 افراد کے قتل کا مقدمہ درج کیا ہے جس میں ٹیررازم کی دفعات بھی شامل ہیں۔

عدالت نے کیس کی حساس نوعیت کو دیکھتے ہوئے اس کی میڈیا کوریج پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

دوسری جانب خبریں ہیں کہ دہشتگردی کے واقعے میں شہید ہونے والے اس پاکستانی خاندان کی نماز جنازہ بروز ہفتہ مورخہ 12 جون کو ادا کی جائے گی۔ اس موقع پر ہزاروں کی تعداد میں مسلمانوں کے اکھٹے ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ کینیڈا کے علاقے اونٹاریو کے شہر لندن میں گزشتہ دنوں ایک دہشتگرد نے ایک ٹرک کے ذریعے پاکستانی نژاد مسلمان خاندان کو بے دردی سے کچل دیا تھا۔

دہشتگردی کے اس اندوہناک واقعے میں 4 افراد شہید ہو گئے تھے جبکہ ایک بچچہ بھی شدید زخمی ہوا تھا، جس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

کینیڈین پولیس نے واقعے کے کچھ ہی دیر کے بعد اس دہشتگرد کو گرفتار کرکے اس کیخلاف مقدمہ درج کر لیا تھا۔

پولیس نے اپنی تفتیش میں عدالت کو بتایا ہے کہ دہشتگردی کا یہ واقعہ نفرت پر مبنی تھا، دہشتگرد نے جان بوجھ کر معصوم شہریوں کو اپنی نفرت کا نشانہ بنایا۔ یہ 20 سالہ دہشتگرد مذہبی تعصب کا شکار ہے۔


ای پیپر