Pakistan, Corona, NCOC, PTI government, WHO hospitals, death
11 جون 2021 (08:22) 2021-06-11

لاہور: پاکستان میں کورونا سے مزید 47 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 21 ہزار 576 ہوگئی ۔

محکمہ صحت کے مطابق 24 گھنٹے میں ایک ہزار 303 نئے کیس رپورٹ ہوئے جبکہ 40 ہزار 483 ٹیسٹ کیے گئے ۔ ملک بھر میں مثبت کیسز کی شرح 3.21 فیصد رہی ۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 9 لاکھ ، 38 ہزار 737 ہوگئی جبکہ 8 لاکھ ، 73 ہزار، 543 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں ۔

دوسری جانب پنجاب بھر میں لاک ڈاؤن کے حوالے سے نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن 15 جون سے 30 جون تک نافذ العمل رہے گا ، ہفتے کو سرکاری و نجی دفاتر میں کام کی اجازت ہو گی جبکہ اتوار کو مکمل چھٹی ہو گی ۔ ان ڈور ڈائننگ معمول کے مطابق مکمل طور پر بند رہے گی البتہ آوٹ ڈور ڈائننگ اور شاپنگ مالز کے فوڈ کورٹس کو رات 12.00 بجے تک کھلے رہنے کی اجازت ہو گی ۔

سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق تمام مارکیٹس کے کاروباری اوقات رات 8 بجے تک ہوں گے تمام مزارات پر صرف ویکسینیٹڈ لوگوں کو آنے کی اجازت ہو گی ، 30 سال سے کم عمر لوگوں کو مزارات جانے کی اجازت نہیں ہو گی اور معروف مزارات کے سامنے ویکسینیشن سینٹرز بنائے جائیں گے ۔

پنجاب بھر میں تمام انڈور شادی کی تقریبات ، ریسٹورینٹس کمیونٹی سینٹرز اور مارکیز پر مکمل پابندی عائد ہوگی ، 150 افراد کی گنجائش کے ساتھ آوٹ ڈور شادی کی تقریبات کی اجازت ہو گی ، تمام دفاتر کو پورے عملے کے ساتھ کام کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے ۔ تمام سینما ہالز اور تھیٹر بدستور بند رہیں گے ، جم کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے تاہم صرف ویکسینیٹڈ لوگ ورزش کے لیے آ سکتے ہیں ، صوبہ بھر کے تمام سیاحتی مقامات کو ایس او پیز کے مطابق کام کرنے کی اجازت ہے ۔


ای پیپر