پی ٹی آئی میں 90 فیصد ٹکٹس پر کوئی تنازعہ نہیں : فواد چودھری
11 جون 2018 (21:57)

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء و ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں میں 90 فیصد ٹکٹس پر کوئی تنازع نہیں ،پارٹی کے لوگوں کو ٹکٹس نہ ملنے کا تاثر غلط ہے، (ن) لیگ میں ٹوٹ پھوٹ کا عمل جاری ہے، خواجہ حارث کو معلوم ہے ان کے موکل لٹک گئے ہیں اس لئے وہ کیس کو لٹکا رہے ہیں،نہ ڈھیل ہونی چاہئے نہ ڈیل ہونی چاہئے۔


اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان اور پارلیمانی بورڈ سے بھی غلطیاں ہوسکتی ہیں لیکن 90 فیصد ٹکٹس پر کوئی تنازع نہیں ہے اور تحریک انصاف نے مضبوط امیدوار میدان میں اتارے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام درخواستیں آن لائن موصول کی ہیں، پی ٹی آئی کے لوگوں کو ٹکٹس نہ ملنے کا تاثر غلط ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی ٹکٹوںکی تقسیم پر کارکنان کی جانب سے بنی گالہ میں عمران خان کی رہائشگاہ کے احتجاج کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی نے کارکنان سے درخواستیں بھیجنے کا کہا تھا۔


انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی سے آنیوالے 18 لوگوں کو بھی ٹکٹس ملے ہیں ۔مسلم لیگ (ن) میں ٹوٹ پھوٹ کا عمل جاری ہے، (ن) لیگ تو ابھی تک امیدواروں کے نام جاری نہیں کرسکی۔شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنسز پر بات کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ خواجہ حارث کو معلوم ہے ان کے موکل لٹک گئے ہیں اس لئے وہ کیس کو لٹکا رہے ہیں، یہ صرف مقدمہ لٹکانے کے بہانے ہیں، نہ ڈھیل ہونی چاہیے اور نہ ڈیل ہونی چاہیے۔یہ دلدل سے نکلنے کیلئے ہاتھ پاؤں چلا رہے ہیں لیکن اتنا ہی پھنستے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی، لاہور اور دیہی علاقوں میں بد ترین لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے، لوڈشیڈنگ پر عمران خان نے نگران وزیراعظم کوخط لکھا ہے، ہمیں انتظار ہے کہ نگران وزیراعظم توانائی کے مسئلے پر آگاہ کریں گے۔


ای پیپر