فوٹو/ سوشل میڈیا

صدر، وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کا ٹرین حادثے پر اظہارِ افسوس
11 جولائی 2019 (14:55) 2019-07-11

اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے رحیم یار خان ٹرین حادثے پر اظہار افسوس کیا۔

صدر مملکت نے اکبر ایکسپریس ٹرین حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔ صدر نے جاں بحق افراد کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹوئٹر بیان میں ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ وزیراعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی اور ریلوے حکام کو حکم دیا کہ کئی دہائیوں سے پرانے ریلوے انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے اور حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ٹرینوں کے پے درپے حادثات انتہائی تشویشناک ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ناقص منصوبہ بندی اور کمزور ریلوے ٹریک حادثات کا باعث بن رہے ہیں۔ حادثے کے ذمہ داران کا تعین کر کے ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

مریم نواز نے بھی ٹرین حادثے پر انتہائی دکھ کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ ولہار اسٹیشن پر دو ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں جس کی نتیجے میں 19 افراد جاں بحق اور 70 سے زائد زخمی ہو گئے۔ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس صادق آباد کے مطابق ولہار اسٹیشن پر لاہور سے کوئٹہ جانے والی اکبر ایکسپریس کھڑی مال گاڑی سے ٹکرائی۔


ای پیپر