Pakistani cricket team, performance, pandemic, Misbah-ul-Haq, PCB, Head Coach
11 جنوری 2021 (13:49) 2021-01-11

لاہور: ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم مصباح الحق نے کہا کہ نیوزی لینڈ کیخلاف شکست کی وجوہات کو سمجھنا لازم ہے ، دورہ نیوزی لینڈ میں جیت کیلئے بھرپور کوششیں کیں ، دورہ نیوزی لینڈ میں جو توقعات تھیں ان پر پورا نہیں اترسکے۔ عالمی وبا کی وجہ سے پاکستانی ٹیم کی پرفارمنس متاثر ہوئی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ نیوزی لینڈ سے سیریز ہارنا مایوس کن ہے ، ٹیم کی تیاری میں ہم نے 100 فیصد کوشش کی ، کرکٹ مسائل کو سمجھنا اور بات کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ سے سیریز ہارنے کا جواز پیش کرنے نہیں آیا ، وسائل اور وقت کے تحت ہم نے 100 فیصد دینے کی کوشش کی۔

ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم نے کہا کہ کرکٹ میں جتنی کوشش بھی کر لین قسمت کا بھی کھیل ہوتا ہے۔ کافی ساری چیزیں ہیں جس کی وجہ سے ہمیں سیریز میں ناکامی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ دنیا کی مضبوط ٹیم ہے ، 2 سال سے نیوزی لینڈ کی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ دورہ نیوزی لینڈ کے آغاز سے ہی وبا کے باعث ٹیم مشکلات کا شکار تھی ، دنیائے کرکٹ میں اور بھی ٹیموں کی پرفارمنس اوپر نیچے ہو رہی ہیں۔ کھیل کے تمام شعبوں میں توقع کے مطابق بہترین کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے۔

سابق کپتان نے کہا کہ بابراعظم کے زخمی ہونے سے بھی ٹیم کی کارکردگی متاثر ہوئی ، کھلاڑیوں نے دستیاب وسائل اور حالات میں سخت محنت کی، نیوزی لینڈ کی ٹیم نے کھیل کے تمام شعبوں میں ہم سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

مصباح الحق نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے کیچز ڈراپ ہوئے ، بیٹنگ بھی اچھی نہیں ہوئی ، ٹی 20 کے بہترین کھلاڑی فخر زمان وبا کے باعث نہ جاسکے ، آئسولیشن کے دوران بھی پاکستانی ٹیم کوئی پریکٹس نہ کرسکی۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم پرفارمنس کو کیسے بہتر کرنا ہے اس پر ابھی مزید کام کرنا ہے ، 19 روز پاکستانی ٹیم نے کمروں میں ہی گزارے ، عالمی وبا کی وجہ سے پاکستانی ٹیم کی پرفارمنس متاثر ہوئی۔


ای پیپر