Pakistani singer, Jawad Ahmad, new song, farmers protest, India, BJP government
11 جنوری 2021 (10:21) 2021-01-11

لاہور : اٹھو اے کسانو ، اب تم نے جینا ہے ، تم اس جگ کے ان داتا ہو۔ مودی سرکار کے خلاف کسانوں کے طویل احتجاج کے حق میں گلوکار جواد احمد کے نئے گیت نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ، بھارت میں بھی تیزی سے مقبول ہونے لگا۔

خیال رہے کہ کسانوں اور مودی سرکار کے درمیان ہونے والے مذاکرات ڈیڈلاک کا شکار ہو گئے ہیں جس کے بعد ہزاروں کاشتکاروں نے ٹریکٹر مارچ کرتے ہوئے لوگوں کو دہلی دھرنے میں شرکت کی دعوت دی۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ بھارت میں متنازع قوانین کے خلاف سراپا احتجاج کسانوں نے راجستھان ، ہریانہ ، پنجاب سے ہزاروں ٹریکٹروں پر مارچ کیا اور لوگوں کو دہلی دھرنے میں شرکت کی دعوت دی۔

اس سے قبل دہلی جے پور شاہراہ پر کسانوں اور بھارتی پولیس کے مابین چھڑپ اُس وقت شروع ہوئی جب بھارتی کسانوں نے 4 کلو میٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد دھاروہرا قصبے کے قریب مسانی بیراج تک پہنچے۔

سکھ رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے سکھوں کو آگے بڑھنے سے روکنے کیلئے آنسو گیس کا استعمال کیا۔ جبکہ ریواری پولیس نے بتایا کہ مظاہرین نے رکاوٹیں توڑتے ہوئے دھاروہرا ٹاؤن اور دہلی کی طرف بڑھنے کی کوشش کی ، جس کے بعد کسانوں کو روکنے کیلئے آنسو گیس کے گولے اور واٹر کینن کا استعمال کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ بھارتی کسانوں نے مودی سرکار کو دھمکی دی تھی کہ اگر اُن کے مطالبات منظور نہ کیے گئے تو وہ ہزاروں کسانوں کے ساتھ 26 جنوری کو یوم جمہوریہ کے روز دارالحکومت میں ٹریکٹر پریڈ منعقد کریں گے۔

خیال رہے کہ کسانوں نے گزشتہ سال ستمبر میں پارلیمنٹ سے منظور شدہ تین متنازعہ قوانین کو منسوخ کروانے کیلئے ملک بھر میں احتجاج شروع کیا تھا۔

یاد رہے کہ اپوزیشن کی تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ اقلیتیں بھی کسانوں کے احتجاج میں اُن کا ساتھ دے رہی ہیں۔


ای پیپر