سیاسی مداری ملکی ترقی کی رفتار روکنے کی کوشش کرتے ہیں: فردوس عاشق اعوان
11 جنوری 2020 (17:37) 2020-01-11

اسلام آباد:وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سیاسی مداری ملکی ترقی کی رفتار کو روکنے کی کوشش کرتے ہیں،رانا ثناءاللہ عوام کو گمراہ نہ کریں، اپنی ناراضگی اور غصہ اپنی قیادت پر نکالیں، لیگی قیادت نے اپنے کارکنوں کے ساتھ جو سلوک کیا اس کے ذمہ دار ہم نہیں،وزیراعظم کا قوم سے وعدہ ہے کہ بوسیدہ نظام کو تبدیل کریں گے،احتساب کاعمل سب کےلئے یکساں ہونا چاہیے ،حکومت نواز شریف کی درخواست پر قانون کے مطابق فیصلہ کرے گی، نواز شریف کے پلیٹ لیٹس لندن کی فضاﺅں میں بہتر ہو گئے ہیں، امید ہے کہ لیگی ترجمان جلد نواز شریف کی صحت سے متعلق آگاہ کریں گے، اوورسیز پاکستانیوں کی شکایت کے ازالے کےلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں، مٹی بھر دہشت گرد جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ہفتہ کو تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اوروسیز پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے نئے پاکستان کی تعمیر و ترقی کےلئے پرعزم ہیں، کاروبار میں آسانی اور سرمایہ کاروں کےلئے سہولتیں وزیراعظم کا وژن ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان آرہی ہے، دنیا بھر سے سیاح اور سرمایہ کار پاکستان کی جانب مائل ہورہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کا عہد ہے کہ پسے ہوئے طبقے کو چھت فراہم کرنی ہے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جب کنسٹرکشن انڈسٹری چلتی ہے تو 40مزید صنعتوں کا پہیہ چلتا ہے، صنعتوں کا پہیہ چلے گا تو پھر غریب کے گھر کا چولہا چلے گا، معیشت مستحکم ہو تو بے روزگاری میں بھی کمی آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ ایسا پاکستان بنے جہاں روزگار کے مواقع ہوں۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کیپیٹل اسمارٹ سٹی منصوبے سے ایک لاکھ افراد کو روزگار ملے گا، ہاﺅسنگ کے شعبے میں آئندہ 10سال 10ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری ہو گی، وزیراعظم نے وعدہ کیا ہے کہ پاکستان کا روشن چہرہ دنیا کو دکھانا ہے، اوورسیز پاکستانی عمران خان کے بازو ہیں،70مدرسوں کے بچوں کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے جا رہے ہیں، ایسے منصوبے سے پاکستان بدلے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہنر مند پاکستان پروگرام میں مدرسوں کے بچوں کو بھی شامل کیا گیا ہے، سیاسی مداری پاکستان کو آگے بڑھتا ہوا دیکھ کر ڈگ ڈگی بجاتے ہیں، سیاسی مداری ملکی ترقی کی رفتار کو روکنے کی کوشش کرتے ہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ رانا ثناءاللہ ضمانت پر رہا ہورہے ہیں،ابھی ان کی بے گناہی ثابت نہیں ہوئی، رانا ثناءاللہ کا کیس عدالت میں جاری ہے، وہ عوام کو گمراہ نہ کریں، رانا ثناءاللہ اپنی ناراضگی اور غصہ اپنی قیادت پر نکالیں، لیگی قیادت نے اپنے کارکنوں کے ساتھ جو سلوک کیا اس کے ذمہ دار ہم نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نظام میں تبدیلی کےلئے بھرپور جدوجہد کر رہے ہیں، تحریک انصاف کا منشور دو نہیں ایک پاکستان ہے، قانون و انصاف کے نظام میں موجود کمزوریوں سے طاقتور طبقہ فائدہ اٹھاتا ہے، وزیراعظم کا قوم سے وعدہ ہے کہ بوسیدہ نظام کو تبدیل کریں گے،احتساب کے بغیر معاشرہ جنگل کا قانون بن جاتا ہے، احتساب عا عمل سب کےلئے یکساں ہونا چاہیے اور احتساب ہوتا نظر بھی آنا چاہیے، حکومت نواز شریف کی درخواست پر قانون کے مطابق فیصلہ کرے گی، نواز شریف کے پلیٹ لیٹس لندن کی فضاﺅں میں بہتر ہو گئے ہیں، امید ہے کہ لیگی ترجمان جلد نواز شریف کی صحت سے متعلق آگاہ کریں گے، حقداروں کا حق لوٹنے والوں کا حساب ضرور ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی شکایت کے ازالے کےلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں، مٹی بھر دہشت گرد جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے۔


ای پیپر