فائل فوٹو

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں رات سے بارش کا سلسلہ جاری
11 جنوری 2019 (10:57) 2019-01-11

لاہور : ملک کے بیشتر علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں جبکہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں رات سے کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ ابھی بادل بھی برسیں گے اور پہاڑوں پر مزید برف بھی پڑے گی۔ پنجاب ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے اکثر علاقوں میں بارش کا سلسلہ کل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

اسلام آباد اور روالپنڈی میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا۔ لاہور ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، شیخوپورہ، اوکاڑہ، سرگودھا میں ہلکی بارش سے سردی بھی بڑھ گئی۔ ساہیوال اور اوکاڑہ سمیت کئی شہروں میں بارش سے دھند چھٹ گئی۔ کراچی میں بھی کالی گھٹائیں چھا گئیں، موسم سہانا ہو گیا۔

ملکہ کوہسار مری میں برفباری کے باعث سیاحوں کا رش بڑھ گیا۔ لوگ مال روڈ پر چائے اور کافی کی چسکیاں لے کر انجوائے کرتے رہے۔ گلیات، سوات، شوگران، ناران، بابوسر ٹاپ، لوئر دیر اور اسکردو میں بھی برفباری نے وادی کے حسن کو چار چاند لگا دئیے۔


ای پیپر