Image Source : ISPR

پاک فوج نے بھارت کو آڑے ہاتھوں لے لیا
11 فروری 2019 (23:11) 2019-02-11

اسلام آباد:چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے بھارت پر واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

گزشتہ روزاسلام آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز کے زیراہتمام گرے ہائبرڈ وار سے متعلق سیمینارر سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے پاکستان میں دہشتگردی، آبی جارحیت، خطے میں سیکیورٹی صورتحال اور سارک پلیٹ فارم کو متاثر کرنے پر بھارت کو آڑے ہاتھوں لیا۔جنرل زبیر نے کہا کہ کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔ کلبھوشن یادیو کے انکشافات ناقابل تردید ہیں۔

بھارت نے دہشتگردوں کی معاونت کی جس سے ہمسایہ ممالک میں مداخلت اور سارک کو منجمد کرنے کی نئی روایت نے جنم لیا ہے۔ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی بھی خلاف ورزی کی اور میری ٹائم سیکیورٹی کیلئے خطرات پیدا کئے۔جنرل زبیر محمود حیات نے گرے ہائبرڈ وار کو راویتی جنگ سے مشکل قرار دیتے ہوئے اس کے نقصانات بھی بتائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اندھے اعتماد کا تصور ختم ہوچکا ہے۔

گرے ہائبرڈ وار جنگ کی نئی قسم ہے اس جنگ میں معیشت کی تباہی سے لیکر دہشتگردوں کو مالی معاونت کرنا بھی شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس جنگ میں سائبر حملے بھی ہوتے ہیں اور پراکسی وارز کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ اس جنگ میں کامیابی کیلئے معاون سفارت کاری کی ضرورت ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان پرامن ملک ہے جو پرامن دنیا کا حامی ہے۔ چیلنجز کے باوجود مایوس نہیں ہوں گے۔


ای پیپر