Source : Facebook

وزیر اعظم نے عوام کو بڑے خطرے سے آگاہ کر دیا ،بلوچستان کیلئے اہم اعلان
11 دسمبر 2018 (20:05) 2018-12-11

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے نوجوانوں اور طالب علموں کو پیغام دیا کہ ضروری ہے آپ سب عظیم لیڈر حضرت محمد ﷺ کی حیات مبارکہ کے بارے میں تعلیم حاصل کریں ،ملک میں تین طرح کے نظام تعلیم نے مسائل کو جنم دیا ہے ،تحریک انصاف کی کوشش ہے کہ ملک بھر میں یکساں اور معیاری نصاب تعلیم رائج کیا جائے ۔

عمران خان نے کہا کہ انسان کی پہچان اس کے ارادوں اور اسکی سوچ سے ہوتی ہے، جو انسان جتنے بڑے خواب دیکھتا ہے، جتنے بڑے چیلنجز قبول کرتا ہے وہ اتنا ہی بڑا انسان ہوتا ہے، ہر چھوٹی کامیابی انسان کو بڑی کامیابیوں کے لئے تیار کرتی ہے، انھوں نے کہا کہ انسان جب تک محنت جاری رکھتا ہے وہ اتنا ہی بڑا شخص بنتا جاتا ہے، انسان ہارتا اس وقت ہے جب وہ ہار مان لیتا ہے، اچھا اور برا وقت زندگی کا حصہ ہوتے ہیں۔ برا وقت انسان کو سبق سکھاتا ہے۔

وزیر ِ اعظم نے کہا کہ بلوچستان میں پانی کا مسئلہ بہت سنگین ہے۔ بڑھتی ہوئی آبادی اور زیرِ زمین پانی کی سطح کے مزید نیچے جانے سے یہ مسئلہ اور بھی سنگین ہو چکا ہے۔ اس پر قابو پانے کے لئے جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے،مختلف وجوہات کی بنیاد پر صوبہ بلوچستان ملک کے باقی صوبوں سے پیچھے رہ گیا ہے۔ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور خصوصا طالب علموں کو تعلیم کے مواقع کی فراہمی کے لئے پوری کوشش کی جائے اور انکو وظائف دے کر تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے میں مدد دی جائے۔

انھوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام میں ترقیاتی فنڈز نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں گے، ویلیج لیول پر ترقیاتی فنڈز کی فراہمی سے بلوچستان کے علاقوں کی پس ماندگی دور کرنے میں مدد ملے گی ۔ وزیر ِ اعظم نے کہا کہ ملک بھر میں سپورٹس کا نیا نظام لائیں گے تاکہ نوجوانوں کو کھیل کے میدان میں اپنی صلاحیتیوں کے جوہر دکھانے کے مواقع میسر آئیں۔

وزیر ِ اعظم نے کہا کہ ہم نے عہد کیا ہے کہ پاکستان کو ریاستِ مدینہ کے اصولوں پر چلائیں گے۔ آنحضرتﷺ کی سیرت طیبہ پر ریسرچ کے فروغ کے لئے ملک کی تین بڑی جامعات میں سیرت چیئر قائم کی جا رہی ہے۔


ای پیپر