فوٹو بشکریہ فیس بک

نیب نے خواجہ سعد اور سلمان رفیق کو گرفتار کر لیا
11 دسمبر 2018 (14:57) 2018-12-11

لاہور: نیب نے خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کو احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی لاہور ہائیکورٹ کے باہر احتجاج۔

نیب نے خواجہ سعد رفیق کو پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس میں گرفتار کیا۔ نیب کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے اپنی اہلیہ، بھائی سلمان رفیق ، ندیم ضیاء اور قیصر امین بٹ سے مل کر ائیر ایونیو سوسائٹی بنائی۔ بعد ازاں ائیر ایونیو کا نام تبدیل کرکے پیراگون رکھ لیا گیا۔

خواجہ برادران نے اپنے ساتھیوں سے مل کر عوام کو دھوکہ دیا اور رقم بٹوری۔ خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق پیراگون ہاوسنگ سوسائٹی سے فوائد حاصل کرتے رہے ہیں۔

خواجہ برادران کے نام پیراگون میں 40 کنال اراضی موجود ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی ہاوسنگ سوسائٹی کی تشہیر کی اور عوام سے اربوں روپے بٹورے۔

تفصیلات کے مطابق نیب نے لاہور ہائیکورٹ سے خواجہ سعد اور سلمان رفیق کی ضمانتیں خارج ہونے کے بعد انہیں گرفتار کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے باہر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ گرفتاری کیخلاف کوئی مزاحمت نہیں کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 75 سال کی جدوجہد میں ہمارا دامن صاف ہے۔ فیصلے کرانے والے سن لیں، عوام کی آواز دبائی نہیں جاسکتی۔ قانون اور آئین کا مذاق کتنی دیر چلے گا؟ ہمارے خلاف عدالت میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔


ای پیپر