ہاکی میں عزت سے آیا اور عزت سے ہی جاﺅں گا، خالد سجاد

11 اگست 2018 (16:32)

کراچی: پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر)خالد سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ ہاکی میں عزت سے آیا تھا اور عزت سے ہی جاﺅں گا۔کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران پی ایچ ایف کے صدر خالد سجاد کھوکھر نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر(ر)خالد سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ ہاکی میں عزت سے آیا تھا اور عزت سے ہی جاﺅں گا.

قومی کھلاڑیوں کے لیے دوستوں سے ادھار پیسے لیے اور اپنا وعدہ پورا کیا، نئی حکومت ہماری کارکردگی کو پہلے جانچے پھر ہمیں ہٹانے کے حوالے سے کوئی فیصلہ کرے۔اس موقع پر پی ایچ ایف کے سیکریٹری اولمپئن شہباز سینئر، ہیڈ کوچ راولینٹ اولٹمنز، منیجر حسن سردار، کپتان رضوان سینئر اور دیگر بھی موجود تھے، ان کا کہنا تھا کہ ہماری نظر میں پیسے سے زیادہ عزت کی اہمیت ہے، پیسوں کے معاملے پر میں نے کراچی آکر ایک ایک کھلاڑی سے بات کی، میں نے دوستوں سے پیسے ادھار لے کر کھلاڑیوں کے لیے رقم کا انتظام کیا.

ان کے باقی ماندہ واجبات بھی جلد ادا کردیں گے جب اور جہاں بھی ہمارے پاس پیسے آئے ہم فوری طور پر ادائیگی کردیں گے، اس وقت 2 کروڑ روپے ادا کر دیے ہیں۔انھوں نے کہاکہ نگراں حکومت نے منظور کردہ گرانٹ20کروڑ روپے جاری نہیں کی۔ نئی حکومت سے توقع ہے کہ وہ جلد یہ رقم ریلیز کر دے گی، نگراں حکومت کے پاس پیسے نہیں تھے اس لیے نہیں ملے، ہم نے کوئی چوری نہیں کی جو نئی حکومت ہمیں فوری ہٹا دے گی، البتہ اگر وہ ہماری کارکردگی سے مطمئن نہ ہوتو بے شک ہٹا دے۔

سیکریٹری اولمپئن شہبازسینئر نے کہا کہ پریس کانفرنس کا مقصد قومی ٹیم کو بلند حوصلوں کے ساتھ ایشین گیمز کے لیے رخصت کرنا تھا، میں اپنے خلاف پروپیگنڈے سے نہیں ڈرتا، میں چاہتا ہوں کہ میڈیا ایشین گیمزکے فائنل سے پہلے قومی ٹیم پر تنقید نہ کرے، یہ وقت ٹیم کو سپورٹ کرنے کا ہے۔

مزیدخبریں