گلگت بلتستان میں پولیس چوکی پر حملہ میں 3اہلکار شہید
11 اگست 2018 (14:53) 2018-08-11

گلگت : گلگت بلتستان میں کارگاہ پولیس چوکی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد بھی ہلاک ہو گئے ۔


تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان میں کارگاہ پولیس چوکی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد بھی ہلاک ہوگئے ، فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا،دوسری جانب پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ ترجمان صوبائی حکومت گلگت فیض اللہ فراق نے کہا چوکی پر حملے میں شہید پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،صوبہ بھر میں سکیو رٹی الرٹ ہے، حکومتی رٹ پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں ہوگا۔


یادرہے اس سے قبل گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں نامعلوم تعلیم دشمن شر پسندوں نے داریل، تانگیر، چلاس، تھور اور ہڈور میں 12 گرلز سکولوں میں توڑ پھوڑ کرنے کے بعد آگ جبکہ 2 سکول دھماکے سے اڑا دئیے تھے۔مقامی لوگوں اور پولیس حکام کے مطابق چلاس شہر میں واقع گرلزاسکول رونئی اور گرلز اسکول تکیہ کو نامعلوم عسکریت پسندوں نے دھماکہ خیز مواد سے تباہ کیا جب کہ اسی تحصیل کے دو علاقوں ہوڈر اور تھور میں واقع گرلز اسکولوں کو آگ لگائی۔


ای پیپر