Ali Asjad Malhi, PML-N, candidate, Nosheen Iftikhar, victory, Daska, by-poll
11 اپریل 2021 (13:17) 2021-04-11

لاہور: ڈسکہ این اے 75 کے ضمنی الیکشن میں ہار جانے والے پی ٹی آئی کے امیدوار علی اسجد ملہی نے ن لیگی امیدوار نوشین افتخار کو کامیابی پر مبارکباد دی ۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں علی اسجد ملہی نے ڈسکہ الیکشن میں ساتھ دینے پر وہاں کی عوام کا بھی شکریہ ادا کیا ، انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ، پی ٹی آئی اور ڈسکہ کی عوام نے مافیاز کا مقابلہ کرنے کیلئے لمبے عرصے ان کا ساتھ دیا ۔

علی اسجد ملہی نے کہا کہ ایک وقفے کے بعد ملک کی بہتری کیلئے ایک بار پھر وہ عوام کے ساتھ ہوں گے ۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 میں مسلم لیگ ن نے ضمنی الیکشن کی جنگ جیت لی ، نوشین افتخار ایک لاکھ دس ہزار ووٹوں سے کامیاب جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار علی اسجد ملہی ترانوے ہزار چار سو تینتیس ووٹ حاصل کرسکے ۔ تحریک لبیک کے محمد خلیل سندھو صرف 8 ہزار 268 ووٹ حاصل کرسکے ۔

نیو نیوز سے گفتگو میں نوشین افتخار نے کہا کہ حکمرانوں کی ووٹ چوری پکڑی گئی ، آج جمہوریت کی فتح ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ اسجد ملہی کو خود جا کر مٹھائی دے کر آؤ گی ۔

ادھر مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ آپ روئیں ، چیخیں یا ” پیٹیں“ ڈسکہ میں مسلم لیگ ن جیت چکی ہے ، پی ٹی آئی کے اندر نئی صف بندی جاری ہے ، بہت جلد پنجاب اور وفاق سے پی ٹی آئی کا صفایا ہونے والا ہے ۔

عظمیٰ بخاری کہتی ہیں ڈسکہ میں اسجد ملہی کی شکست کے ذمہ دار آر اوز نہیں بلکہ بڑے نالائق اور چھوٹے نالائق کی ناقص کارکردگی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈسکہ کے عوام نے بکسہ چوروں اور ووٹ چوروں کے خلاف اپنے ریفرنڈم کا فیصلہ سنا دیا ہے ۔

واضح رہے کہ این اے 75 کا ضمنی انتخاب میں غیرحتمی نتائج کا مجموعی گوشوارہ جاری ہوگیا ، پولنگ کی شرح 43.33 فیصد رہی ، 2 لاکھ 12 ہزار 361 نے ووٹ کاسٹ کیے جبکہ ایک ہزار 702 ووٹ خارج ہوئے ۔


ای پیپر