کورونا وائرس کے کیسز،کئی ایک یونین کو سیل کر دیا گیا
11 اپریل 2020 (19:28) 2020-04-11

کراچی:پابندیوں کے باوجودپاکستان میں کوروناوائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے، 24 کیسز سامنے آنے پر کراچی کے دو علاقوں کو سیل کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہاہے، کوروناوائرس کے کیسزسامنے آنے پر ڈپٹی کمشنرملیرنے گلستان سوسائٹی اور چراغ کالونی میں مکمل لاک ڈائون کردیا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملیرگلستان سوسائٹی اورچراغ کالونی میں 24 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں،محکمہ صحت کی رپورٹ کے بعددونوں علاقے سیل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

کراچی کی گیارہ یونین کونسلز کو سیل کرنے کے نوٹیفکیشن میں سنگین غلطی سامنے آئی ہے،نوٹیفکیشن میں کالعدم ٹاؤنز کی یوسیز کو بھی شامل کردیا گیا جبکہ گیارہ میں سے نو یونین کونسلز کے نمبر غلط درج ہیں،کراچی کی گیارہ میں سے ایک یونین کونسل کا نام نئی فہرست میں نہیں ہے، جبکہ یونین کونسلز کے نمبر غلط جاری ہونے سے عوام بھی پریشان کا شکار ہیں۔

ڈالمیا کا علاقہ یوسی 23 میں ہے، نوٹیفکیشن میں اسے یو سی 7 ظاہر کیا گیا ہے،جمالی کالونی یو سی 24 میں ہے، جسے نوٹیفکیشن میں یو سی 8 ظاہر کیا گیا ہے ، جبکہ گلشن ٹو یو سی 25 کا حصہ ہے اور نوٹیفکیشن میں یو سی 9 کا حصہ بنادیا گیا،کراچی کا علاقہ پہلوان گوٹھ یو سی 27 میں ہے، اسے نوٹیفکیشن میں یو سی 10ظاہر کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق گلستان سو سائٹی میں ایک ہی خاندان کے 9 افراد میں کوروناوائرس پایا گیا تھا۔ڈپٹی کمشنرملیرنے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کوعلاقے میں اسپرے کرانے کی ہدایت کی ہے۔دوسری جانب کراچی میں بچوں کے سب سے بڑے اسپتال کے دوڈاکٹروں میں بھی کوروناوائرس کی تصدیق ہوئی ہے، وزیراطلاعات سندھ ناصرحسین شاہ نے کہاکہ لاک ڈائون پر مکمل عمل ہوتواچھے نتائج آسکتے ہیں۔


ای پیپر