لاڑکانہ میں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے رقاصہ جاں بحق
11 اپریل 2018 (17:34)

لاڑکانہ : سندھ کے شہر لاڑکانہ کے قریب گوٹھ کنگا میں شادی کی تقریب میں فائرنگ کے نتیجے میں مقامی رقاصہ جاں بحق ہوگئی، وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس تنویر حسین تنیو سے رپورٹ طلب کرلی۔


تفصیلات کے مطابق گوٹھ کنگا میں شادی کی ایک تقریب کے دوران بعض تماشائیوں نے اچانک فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں رقاصہ ثمینہ سندھو موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر 2 افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق دونوں افراد نشے میں تھے، جنہوں نے رقص کے دوران مدہوش ہو کر فائرنگ کی ۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی۔مقتولہ کی لاش چانڈکا میڈیکل کالج اسپتال پہنچا دی گئی، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کردیا جائے گا۔دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے بھی واقعے کا نوٹس لے کر لاڑکانہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس تنویر حسین تنیو سے رپورٹ طلب کرلی۔


ای پیپر