پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی سراج خان کا مسلم لیگ(ن)میں شمولیت اختیار کر لی
11 اپریل 2018 (17:34)

پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سراج خان نے مسلم لیگ ( ن ) میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر تا ہوں، مسلم لیگ ( ن )ہی پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرسکتی ہے، ملک کو بحرانوں سے نکالنا بھی مسلم لیگ ( ن ) کا ہی کارنامہ ہے۔ بدھ کو پشاور میں مسلم لیگ ( ن )خیبرپختونخوا کے صدر اور وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام کی رہائشگاہ پر سراج خان نے مسلم لیگ ( ن )کے صدر اور وزیراعلی پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کی۔

اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا، لیگی رہنما سردار مہتاب عباسی، جاوید عباسی، سر انجام خان اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔ ملاقات میں سراج خان نے پی ٹی آئی چھوڑ کر مسلم لیگ ( ن ) میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں شہباز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر تا ہوں ۔ مسلم لیگ ( ن )ہی وہ واحد سیاسی جماعت ہے، جو پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرسکتی ہے۔ سراج خان نے مزید کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنا بھی پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کا ہی کارنامہ ہے۔اس موقع پر شہباز شریف نے سراج خان کی پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔

پی ٹی آئی نے ترقیاتی منصوبوں میں رکاوٹیں کھڑی کرنے اور عوام کا وقت ضائع کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا، خیبرپختونخوا میں 5 سال عوام کی خدمت نہ کرنے والوں کو جواب دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ ( ن )ایک بڑی اور مضبوط سیاسی جماعت ہے اور پارٹی کی جڑیں عوام میں گہری ہیں۔


ای پیپر