فوجی طیارہ گر کر تباہ ۔۔۔150سے زائد افراد ہلاک
11 اپریل 2018 (16:23) 2018-04-11

الجزائر: شمالی افریقی ملک الجزائر میں بوفارک ایئرپورٹ کے قریب ایک فوجی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 181 افراد ہلاک ہوگئے۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق تباہ ہونے والے طیارے الیوشن Il-76 میں 200 کے قریب افراد سوار تھے۔مقامی میڈیا کے مطابق طیارہ فوجی دستوں اور ساز و سامان کو لے کر بوفارک ایئرپورٹ سے اپنی منزل کی جانب رواں دواں تھا کہ حادثے کا شکار ہو گیا۔ طیارے کے گرنے سے پہلے اس میں آگ بھڑک اٹھی۔ حکومت نے واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو دہشت گردی کے پہلو سمیت دیگر وجوہات معلوم کرے گی۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کر لیا ہے اور سرکاری اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

الجزائر کے مقامی ٹی وی اناہار کے مطابق طیارہ حادثے میں کم از کم 181 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔اناہار ٹی وی نے الجزائر کی حکمران جماعت کے ایک عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ طیارے میں مغربی صحارا کی ایک علیحدگی پسند تنظیم پولیساریو فرنٹ کے 26 ارکان بھی سوار تھے۔ریسکیو ادارے کی 14 سے زائد ایمبولینس نے امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا اور اب تک درجنوں لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ایئر پورٹ کے اطراف تمام راستوں کو پند کردیا گیا ہے۔ تاحال ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ حکومتی ذرائع نے بھی ہلاکتوں سے متعلق کسی قسم کے تبصرے سے گریز کیا ہے۔واضح رہے چار سال قبل بھی الجزائر میں فوجی حکام اور ان کے اہل خانہ کو لے جانے والے طیارے کو حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 77 افراد ہلاک ہو گئے تھے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔


ای پیپر