نگران وزیر اعظم کیلئے تصدیق حسین جیلانی سمیت دیگر ناموں پر غور
11 اپریل 2018 (14:55)


اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے ملاقات کر کے نگراں وزیراعظم کیلئے سابق چیف جسٹس پاکستان تصدق حسین جیلانی سمیت مختلف ناموں پر مشاورت کی، ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال، قومی اسمبلی اور سینٹ کے اجلاس، قانون سازی سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوئی ، نئے مالی سال کے بجٹ پر بھی تبادلہ خیال ہوا ۔


تفصیلات وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے وزیراعظم آفس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ دونوں رہنما ئو ں نے ملاقات میں نگراں وزیراعظم کیلئے سابق چیف جسٹس پاکستان تصدق حسین جیلانی سمیت مختلف ناموں پر مشاورت کی گئی۔وزیراعظم اور اپوزیشن رہنما کی ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال، قومی اسمبلی اور سینٹ کے اجلاس، قانون سازی سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوئی، ملاقات میں رواں ماہ پیش کیے جانے والے نئے مالی سال کے بجٹ پر بھی بات ہو ئی ۔


واضح رہے کہ آئندہ ماہ 31 مئی کو موجودہ حکومت کی 5 سالہ مدت ختم ہونے جارہی ہے، جس کے بعد ایک عبوری حکومت تشکیل دی جائے گی جو جولائی یا اگست کے پہلے ہفتے میں ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے انتظامات دیکھے گی۔آئین پاکستان کی رو سے وزیراعظم، قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے نگراں وزیراعظم کا تقرر کرتے ہیں۔مشاورت کے بعد وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر 3،3 نام دیں گے، جن میں سے پھر ایک متفقہ امیدوار کو نگراں وزیراعظم بنایا جائے گا۔


ای پیپر