دس محرم کے مرکزی جلوس روایتی راستوں پر گامزن
10 ستمبر 2019 (12:34) 2019-09-10

ملک بھر میں نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین ؓ اور ان کے ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشور کے جلوس برآمد کئے جا رہے ہیں۔ ذوالجناح کے جلوسوں میں عزاداری اور نوحہ خوانی جاری ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں کربلا میں نبی اکرم ﷺ کے نواسہ حضرت امام حسین ؓ اور ان کے ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں ملک بھر میں مجالس کا سلسلہ جاری ہے ٗ عزاداری کے جلوس نکل چکے ہیں اور اپنی منزلوں کی طرف رواں دواں ہیں۔لاہور میں نثار حویلی سے برآمد ہونے والا جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر ختم ہو گا۔ کراچی میں نشتر پارک سے برآمد ہونے کے بعد جلوس مقررہ راستوں سے منزل کی طرف گامزن ہے۔راولپنڈی میں مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین سے برآمد ہواجبکہ پشاور میں مرکزی جلوس روایتی راستوں پر رواں دواں ہے۔کوئٹہ میں عاشورہ محرم کا جلوس علمدار روڈ سے نکالا گیا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور بم ڈسپوزل کے عملے جلوس کی گزرگاہوں کی سخت چیکنگ میں مصروف ہیں۔ملک بھر میں جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی جاری ہے۔


ای پیپر