Source : Yahoo

وزیراعلیٰ پنجاب کا محکمہ تعلیم میں چھوٹے بچوں پر تشدد کی روایت ختم کرنے کا اعلان
10 ستمبر 2018 (19:44) 2018-09-10

لاہور:وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے 2 چھوٹی بچیوں کی جانب سے سکول میں پٹائی ہونے کی شکایت پر محکمہ تعلیم کو تشدد کلچر ختم کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کے مطابق وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے لاہور کی جانب واپس جارہے تھے کہ وہاں سکول کی 2 چھوٹی بچیاں جو چوتھی اور پانچویں کلاس میں پڑھتی تھیں‘ بھاگی بھاگی آئیں اور کہا کہ ہمیں کسی نے بتایا کہ آپ وزیراعلی پنجاب ہیں جس پر انہوں نے کہا کہ جی میں وزیراعلی پنجاب ہوں ‘تو بچیوں نے کہا کہ ہم نے آپ کو ایک چھوٹی سی شکایت لگانی ہے۔

بچیوں نے وزیراعلی پنجاب کو بتایا کہ ہماری سکول کی ٹیچرز ہمیں مارتی ہیں حالانکہ ہم کام بھی کرتی ہیں اور پڑھائی پر مکمل توجہ دیتی ہیں جس پر وزیراعلی نے ہلکے پھلکے انداز میں انہیں یقین دلایا کہ اب آپ کو مار نہیں پڑے گی اور پھر لاہور پہنچ کر محکمہ تعلیم کو فوری یہ ہدایت جاری کی کہ پرائیویٹ اور سرکاری سکولوں کو یہ ہدایات دی جائیں کہ چھوٹے بچوں کو مارنے کی روایت ختم کی جائے اور دوبارہ ایسی شکایت کسی بچے کی طرف سے نہیں آنی چاہئے۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نئے پاکستان میں وزیراعلیٰ پنجاب تک عوامی رسائی آسان ہے۔


ای پیپر