Source : Yahoo

سی پیک کے مستقبل ‘تعاون کا تعین مشاورت سے کیا جائےگا‘ چینی وزارت خارجہ
10 ستمبر 2018 (18:51) 2018-09-10

اسلام آباد:چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے ( سی پیک )کے مستقبل اور تعاون کا تعین مشاورت سے کیا جائےگا‘ وزیر خارجہ وانگ ژی کے دورہ پاکستان کا مقصد روایتی دوستی کی تجدید تھا‘قومی مفادات کے مطابق دہشتگردی جنگ میں پاکستان کی مدد کرتے رہیں گے۔

پیر کو ترجمان چینی محکمہ خارجہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک کی رفتار بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے اور اس منصوبے پر مشاورت پاکستان کی معاشی اور سماجی ترجیحات کے مطابق ہوگی۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور چین نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مستحکم کرنے پر اتفاق کیا ہے جب کہ وزیر خارجہ وانگ ژی کے دورہ پاکستان کا مقصد روایتی دوستی کی تجدید تھا۔

چینی وزارت خارجہ کے مطابق چین قومی مفادات کے مطابق دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان کی مدد کرتا رہےگا، دونوں ممالک نے دفاعی اور سیکیورٹی تعاون مزید مستحکم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ برطانیہ کے معروف اقتصادی جریدے 'فنانشل ٹائمز' نے اپنی رپورٹ میں دعوی کیا تھا کہ پاکستان کی نئی حکومت چین کے ساتھ سی پیک معاہدے پر نظرِ ثانی پر غور کر رہی ہے۔رپورٹ میں ماہرِ معاشیات اور وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے صنعت و تجارت عبدالرزاق داد کے انٹرویو کا حوالہ دیا گیا جس کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ فی الحال تمام سی پیک منصوبوں پر ایک سال کے لیے عمل روک دینا چاہیے۔عبدالرزاق داد نے باور کرایا کہ انٹرویو میں ان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر لیا گیا جس پر وہ پریس کانفرنس میں وضاحت کریں گے۔


ای پیپر