مری کا گورنر ہاؤس بھی عام عوام کیلئے کھول دیا گیا
10 ستمبر 2018 (14:30) 2018-09-10


راولپنڈی: وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایات پرگورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے خوبصورت سیاحتی مقام گورنر ہاوس بھوربن مری کو جو اس سے قبل صرف حکمرانوں کے زیر استعمال تھا، عوام الناس کیلئے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ بلاتخصیص تمام شہری اتوار کے روز گورنر ہاوس آسکیں گے۔  گورنر ہاوس بھور بن مری ہر اتوار کو صبح دس بجے سے شام چھ بجے تک شہریوں کے لئے کھلا رہے گا ۔

گورنر ہاوس بھور بن مری میں ایک میڈیا بریفنگ کے موقع پر کیا ۔ رکن قومی اسمبلی صداقت عباسی ،رکن پنجاب اسمبلی میجر لطاسب ستی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان سابقہ حکمرانوں کی شاہانہ انداز کو ختم کرکے اختیارا ت عوام تک منتقل کر رہے ہیں،فیصلے اب لاہور سے نہیں بلکہ یونین کونسل کی سطح پر عوام خود کریں گے جس کے لئے بلدیاتی نظام کو فعال کیا جا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان کے اعلان کے مطابق صوابدیدی اختیارات ختم ہونے کے بعد تعلیم ، صحت ، پینے کے صاف پانی سمیت دیگر منصوبے بلدیاتی نمائندے عوامی مشاورت سے خود تجویز کریں گے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے کہاکہ گورنر ہاوس لاہور بھی عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے اور اپنے سابقہ دور میں گورنر پنجاب کے طورپر انہوں نے گورنر ہاوس میں اپنی پہلی عید یتیم بچوں کے ساتھ منائی اور اسی طرح تمام اہم عمارات اور ایسی اہم مقامات پر صرف حکمرانوں کو ہی نہیں عوام کو بھی جانے کی اجازت ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ انشاء اللہ عمران خان کی قیادت میں تمام وعدے پورے کریں گے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورکہا کہ انہوں نے انتقامی سیاست کودفن کردیا ہے، انتظامیہ کو سیاسی مخالفت کے لئے استعمال نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ بلدیات کو مکمل طو پر با اختیار بنانے سے فیصلے مقامی سطح پر ہوں گے ۔ترقیاتی منصوبوں کا اعلان حکمرانو ں کی صوابدید نہیں بلکہ عوام کی منشاء سے ہو گا۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے کہاکہ سیاسی اثر و رسوخ اور ذاتی تعلق کی بنیاد پر نہیں بلکہ کارکردگی ، میرٹ اور انصاف کی بناء پر سرکاری افسران کی تعیناتیاں کی جا رہی ہیں اور انہیں منتخب عوامی نمائندوں کی طرف سے کوئی شکائیت ہوتو وہ الیکشن کمشن سے رجوع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ صاف ستھری سیاست پر یقین رکھتے ہیں اور شخصی فیصلوں کے بجائے مشاورت کے ذریعے عوامی فلاح و بہبود اور ملکی تعمیر و ترقی اور معاشی استحکام پر عمل پیرا ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہاکہ تمام عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے منتخب عوامی نمائندے دن رات کوشاں ہیں اور ہم اپنی کارکردگی کے بل بوتے پر عوامی توقعات پر پورااتریں گے۔ رکن قومی اسمبلی صداقت عباسی نے گورنر پنجاب کے دورہ مری کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے گورنر ہاوس کا تحفہ ملنے پر انہیں مبارک باد دی اور کہا کہ تعلیم ، صحت اور پانی کے مسائل تحریک انصاف ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔ رکن پنجاب اسمبلی میجر ریٹائر لطاسب ستی نے گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مقامی افراد اور تمام شہریوں کے لئے گورنر ہاوس کھولنے کا اعلان کیا۔ 


ای پیپر