اپنے سے پانچ گنا دشمن کو شکست دی، آج ہمارے ادارے مضبوط ہو رہے ہیں، آرمی چیف
10 اکتوبر 2020 (21:14) 2020-10-10

ایبٹ آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے ہمارے دُشمن اپنے عزائم میں ناکام ہونے کے بعد دل شکستہ ہیں اور اطمینان ہے کہ آج ہمارے ادارے مضبوط ہو رہے ہیں۔

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ سپاہ گری مشکل راستہ ہے جس پر چلنا آسان نہیں ہے اور اِس راستے میں اپنے آپ کو وقف کرنا پڑتا ہے اور آپ کو ڈلیور کرنا پڑتا ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم نے امن کے لیے بھاری قیمت ادا کی ہے اور امن قائم رکھنے کے لیے لہو سے اس کی حفاظت یقینی بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بہت سے ممالک کی طرح پاکستان کو جنگ، دہشت گردی اور معاشی شکنجے کا سامنا کرنا پڑا جبکہ دُنیا کے بہت سے ممالک اِن مشکلات کا سامنا نہ کر سکے اور بکھر گئے۔ پاکستان نے ان تمام سازشوں اور مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ اب وقت ہے کہ متحد ہو کر پاکستان کو خوشحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔ قائد کے وژن کے مطابق پاکستان نے علاقائی اور عالمی امن کے لیے بھرپور کوششیں کیں اور یہ ایک مشکل سفر تھا لیکن اطمینان یہ ہے کہ آج ہمارے ادارے مضبوط ہو رہے ہیں اور تمام ادارے مِل کر پاکستان کی خدمت سر انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دُشمن جو ہماری تباہی کا منصوبہ بنائے بیٹھے تھے اب مایوسی سے ہماری کامیابیوں کو دیکھ رہے ہیں، ہمارے دشمن کی مایوسی میں پاکستان کو 24/7ہائبرڈ وار کا سامنا ہے اس ہائبرڈ وار کا ہدف عوام ہیں اور میدانِ جنگ انسانی ذہن ہیں اور ہر سطح پر قومی قیادت ہائبرڈ وار کا ہدف ہے۔

پاس ہونے والے کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آپ کو بحیثیت ینگ لیڈرز پہلے دِن سے اِس چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا، آپ کو مایوسی کے اس ماحول سے اُمید کی کِرن بننا ہے، آپ کو اپنے جوانوں کو بھی اِس پروپیگنڈے سے محفوظ رکھنا ہو گا، اُصولوں اور روایات پر عمل پیرا ہو کر ہی آپ اِس ہائبرڈ وار کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔

پاک فوج کے سپہ سالار کا کہنا تھا کہ ہائبرڈ وار کا مقصد پاکستان میں اُمید کی فضا کو ٹھیس پہنچانا ہے اور ہائبرڈ وار کا مقصد اِس مفروضے کو تقویت دینا ہے یہاں کچھ بھی اچھا نہیں ہو سکتا لیکن میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ یہاں سب کچھ اچھا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ذات پات، مذہب اور لسانیت سے برتر ہم سب پاکستان کے سپاہی ہیں جبکہ اتحاد ہماری قوت اور انشااللہ ہم سب متحد ہیں، پاکستانی قوم نے ہمیشہ چیلنجز کو کامیابیوں میں تبدیل کیا ہے، ان شاء اللہ اب بھی چیلنجز کو کامیابیوں میں تبدیل کریں گے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ بحیثیت قوم ہمیں حالات کا ادراک ہے اور ہم درست سِمت جا رہے ہیں جبکہ عوام، دستور، دستوری روایات، سب سے بڑھ کر وطن سے عہد وفا ہماری اصل مضبوطی اور طاقت ہے۔ آئین پاکستان اور قومی مفادات تمام معاملات میں ہمارے رہنما ہیں اور آج پاکستان دفاعی حوالے سے ایک مضبوط پاکستان ہے۔


ای پیپر