لیپ ٹاپ سکیم کرپشن ،نیا پنڈورا باکس کھل گیا
10 اکتوبر 2018 (18:26) 2018-10-10

اسلام آباد:نومنتخب وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین عثمان ڈار نے سابق (ن)لیگی حکومت کی لیپ ٹاپ سکیم کاآڈٹ کرانے کااعلان کردیا۔

بدھ کو عثمان ڈار نے اپنا عہدہ سنبھالتے ہی اعلان کیا کہ سابق حکومت میں لیپ ٹاپ مہنگے داموں خرید کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا ۔یوتھ پروگرام کے نومنتخب چیئرمین نے کہا کہ وزیراعظم نے جو اعتماد ظاہر کیا اس پر پورا اتروں گا۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے نوجوانوں کو صحیح معنوں میں با اختیار بنانے کا ٹاسک سونپا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو کامیاب روزگار اور بہترین ٹریننگز مہیا کرنا ترجیح ہوگی اور انہیں حکومتی سرپرستی میں ترقی کے مواقع دیں گے۔

انہوں نے عندیہ دیا کہ مکمل تیاری کے ساتھ نوجوانوں کے لئے زبردست پالیسیز اور اسکیم لانچ کریں گے۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے نئی تعیناتی سے متعلق تعریفی کلمات میں کہا ہے کہ نوجوانوں کی نمائندگی کے لیے عثمان ڈار بہترین انتخاب ہیں اور یوتھ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کے لیے انقلابی اقدامات کیے جائیں گے۔یاد رہے کہ سابق دورحکومت میں یہ عہدہ مریم نواز کے پاس تھا۔


ای پیپر