عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق پاکستانی حکومت کی بڑی پیشکش
10 نومبر 2018 (21:26) 2018-11-10

ملتان: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عافیہ صدیقی کی بقیہ سزا اگر یہاں پوری ہو تو ان کی فیملی کو سہولت مل جائےگی‘ مقبوضہ وادی میں بھارتی فائرنگ کی مذمت کرتے ہیں‘ بھارتی سیاستدان پاکستان کو نشانہ بناکر الیکشن جیتنا چاہتے ہیں‘ روس کو امن مذاکرات میں شامل کرکے افغانستان میں امن چاہتے ہیں ‘پاکستان یمن میں امن کا خواہشمند ہے ‘ شکیل آفریدی سے متعلق ہمارا اپنا موقف ہے‘اس نے پاکستان کے مفادات کےخلاف کام کیا‘ نیب آزاد ادارہ‘ مقدمات میں انکوائریوں سے تحریک انصاف کا کوئی تعلق نہیں‘ پیپلزپارٹی ‘ن لیگ مفادات سے بالاتر ہوکر خطے کے مفاد کیلئے سوچیں‘خطے کے حالات ٹھیک ہونے تک پیٹرول قیمتیں کم نہیں ہو سکتیں ۔

ہفتہ کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملکوں کے درمیان سودے نہیں ہوتے، شکیل آفریدی سے متعلق ہمارا اپنا موقف ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ شکیل آفریدی نے پاکستان کے مفادات کےخلاف کام کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی سیاستدان پاکستان کو نشانہ بناکر الیکشن جیتنا چاہتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فائرنگ کی مذمت کرتے ہیں۔ ایل او سی پر بھارتی فائرنگ مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کی مذموم کوشش ہے۔ بھارت سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری خواہش اور کوشش ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو، روس بھی خطے کا اہم ملک ہے‘ روس کو بھی امن مذاکرات میں شامل کرنا چاہتے ہیں‘ کوشش کررہے ہیں کہ افغان امن عمل کیلئے خطے کی دیگر قوتوں کا تعاون بھی حاصل کیا جائے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ 'نیب کے مقدمات میں انکوائریوں سے تحریک انصاف کا کوئی تعلق نہیں‘نیب کے مقدمات تحریک انصاف کی حکومت سے پہلے کے ہیں‘ نیب آزاد ادارہ ہے ہم کسی بھی طرح اثر انداز نہیں ہوسکتے ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ سے بھی گزارش ہے کہ اپنے مفادات سے بالاتر ہوکر خطے کے مفاد کیلئے سوچیں۔انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت تب نیچے آئے گی جب خطے کے حالات ٹھیک ہوں گے، ایران کی پٹرولیم ایکسپورٹ متاثر ہو گی تو قیمتیں بھی متاثر ہوں گی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ یمن میں امن ہو اور غلط فہمیاں دور ہوں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ برآمدات بہتر ہوں گے تو زرمبادلہ میں اضافہ ہوگا اور روپے کی قدر بہتر ہوگی، تحریک انصاف کی حکومت کو تاریخی کرنٹ اکاونٹ خسارہ ملا، معیشت میں استحکام آئے گا تو ڈالر کی قیمت کم ہوجائےگی۔انہوں نے کہا کہ جتنی فضائی الودگی لاہور میں ہے اور کہیں نہیں‘بھارت نے دھان جلایا ہے یہ بھی آلودگی کی ایک وجہ ہے‘ ماحول کو بہتر کرنے کیلئے حکومت ایک ٹھوس پروگرام سامنے لائے گی۔


ای پیپر