اسرائیلی فوج کی غزہ پٹی پر گولہ باری، 3 بچوں سمیت 9 فلسطینی شہید
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
10 May 2021 (22:46) 2021-05-10

 مقبوضہ بیت المقدس:اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کی پٹی پر کئے گئے فضائی حملے میں 3 بچوں سمیت 9 فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ اس حوالے سے اسرائیلی حکام کی جانب سے باضابطہ طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ 

عرب میڈیا کے مطابق غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فضائی حملے میں غزہ کے شمال مغربی علاقے بیت حانون میں رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ عرب میڈیا نے فلسطینی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے کئے گئے اس حملے کے دوران متعدد گولے چلتی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر گرے اور سڑک پر لاشوں کے ڈھیر لگ گئے۔ 

رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں جائے وقوع پر رقت آمیز مناظر دیکھے جاسکتے ہیں اور میڈیا رپورٹس کے مطابق اس گولہ باری کے نتیجے میں تین بچوں سمیت 9 افراد شہید ہوئے ہیں تاہم اسرائیلی حکام کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

قبل ازیں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ فلسطینی مزاحتمی تنظیم حماس نے غزہ کی سرحد سے مقبوضہ بیت المقدس کی جانب راکٹ فائر کئے ہیں جس کے بعد اسرائیل میں سائرن بجنے لگے اور پارلیمنٹ کو خالی کرالیا گیا تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، حماس نے اسرائیل کو الٹی میٹم دیا ہے کہ وہ فوری طور پر مسجد الاقصیٰ اور دیگر اہم مذہمی مقامات سے اسرائیلی فوج کو ہٹالے۔


ای پیپر