پاکستان کا افغان طالبان کی جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم 
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
10 May 2021 (22:25) 2021-05-10

اسلام آباد: پاکستان نے افغان طالبان کی جانب سے عیدالفطر کے احترام میں تین روزہ جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ان تمام کوششوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں جو تشدد میں کمی کا باعث بن سکتی ہوں۔ 

تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم افغانستان میں پائیدار استحکام اور دیرپا امن کے حصول میں معاون ہیں اور ان تمام کوششوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں جو تشدد میں کمی لانے کا باعث بن سکتی ہوں۔ 

واضح رہے کہ ترجمان طالبان محمد نعیم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عید کے دنوں میں حکومتی فورسز پر حملے نہیں کئے جائیں گے، عید کے تہوار کو پرامن اور محفوظ ماحول میں منانے کیلئے تمام مسلح افراد کو حملے روکنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ سربراہ افغان مفاہمتی کونسل عبداللہ عبداللہ نے سیز فائر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بھی جنگ بندی کا جلد باقاعدہ اعلان کرے گی۔

دوسری جانب پاکستان نے افغانستان کے علاقے زابل اور پروان میں ہونے والے دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں اور زخمیوں کا نقصان ہوا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ ہماری ہمدردیاں اور دعائیں متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ 

پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ ہم دکھ کی اس گھڑی میں متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، پاکستان دہشت گردی کے عفریت کے خلاف اس جنگ میں افغان حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ 


ای پیپر