حدیبیہ پیپر ملز میں ازسرنو تفتیش، ثابت ہو گیا کہ شہباز شریف کیخلاف تمام کیس جھوٹ پر مبنی تھے: مریم اورنگزیب
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
10 May 2021 (21:35) 2021-05-10

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حدیبیہ میں نئی تفتیش کے آغاز کا حکم دے کر عمران خان نے تسلیم کر لیا کہ شہباز شریف کیخلاف تمام نیب کیس جھوٹ پر مبنی تھے اور سب کچھ سیاسی انتقام کیلئے کیا گیا۔ 

تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے حدیبیہ پیپرملز کیس کی دوبارہ تحقیقات کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ حدیبیہ پیپر ملز کیس میں ازسر نو تحقیقات کا حکم دے کر عمران خان نے تسلیم کرلیا کہ شہبازشریف کے خلاف تمام نیب کیس جھوٹے تھے، ثابت ہوگیا کہ آشیانہ، صاف پانی، گندا نالہ،ملتان و لاہور میٹروز، آمدن سے زائد اثاثوں کے سب کیس صرف سیاسی انتقام تھا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ کمیشن خور ”غیر قانونی ٹیم“ نے انہیں آٹا چینی، بجلی، گیس، ایل این جی، دوائی چوری پر کوئی بریفنگ دی؟ آٹا چینی بجلی گیس دوائی چوری پہ بریفنگ لیں جس کے مرکزی کردار عمران خان ہیں ، غیرقانونی ٹیم کیوں نہیں بتارہی کہ حدیبیہ ریفرنس کو سپریم کورٹ قانونی طورپر ختم کرچکی ہے، پانامہ پیپرز میں بھی جب نیب نے نواز شریف کے خلاف حدیبیہ پیپرز کو کھولنے کی درخواست کی تو نیند کا جھوٹ سننے کے بعد کیس کو بند کیا۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان نے کہا کہ کرائے کے ترجمان کیوں نہیں بتاتے کہ ہائیکورٹ کے حکم پر نیب سپریم کورٹ گئی لیکن سپریم کورٹ نے بھی یہ فیصلہ برقرار رکھا، آپ کے جھوٹ اور احتساب کے تماشے آپ کے منہ پر طمانچے ہیں، خدا کا واسطہ ہے کہ مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی پر توجہ دیں، ڈرامے بند کریں، عوام کے صبر کو مزید مت للکاریں، اس طرح کی حرکتوں سے آپ عوام کو مزید غصہ دلارہے ہیں۔


ای پیپر