داتا دربار خود کش حملے میں اہم پیش رفت ،سہولت کاروں سے متعلق اہم انکشافات
کیپشن:   Image Source: NNI
10 May 2019 (18:05) 2019-05-10

لاہور : داتا دربار خود کش حملے میں ملوث سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا ،سکیورٹی ذرائع کے مطابق سہولت کار دہشتگردی والے دن صبح 6بجے سے داتادربار کے اردگرد گھومتے دکھائی دئیے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق در بار خود کش حملے میں اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے ،دو مبینہ سہولت کاروں کی تصاویر حاصل کر لی گئی ہیں ، ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دونوں سہولت کاروں کو حراست میں لے لیا ہے۔ سہولت کاروں کا سراغ سی سی ٹی وی فوٹیج سے لگایا گیا۔

ان میں سے ایک مبینہ سہولت کار نے سلیپر اور دوسرے نے چپل پہن رکھی تھی اور سیاہ رنگ کی شلوار قمیض پہن رکھی تھی جبکہ مبینہ خود کش حملہ آور نے بھی سیاہ شلوار قمیض پہن رکھی تھی،تینوں دہشتگردوں نے دھماکے سے قبل رات داروغہ والا کے علاقے میں بسر کی۔ دھماکے کی صبح سوا 6 بجے دو سہولت کار داتا دربار کے علاقے میں دیکھے گئے۔ واقعے سے قبل سہولت کار داتا دربار بھی داخل ہوئے اور ریکی کی۔ ساڑھے 6 بجے ایک سہولت کار کو دربار سے باہر نکلتے دیکھا جا سکتا ہے۔

اس سے قبل صوبائی وزیر اوقاف سعید الحسن شاہ نے بھی بتایا تھا کہ داتا دربار دھماکے کی سہولت کاری میں ملوث دہشت گرد پکڑ لیے گئے ہیں، داتا دربار مسجد میں نماز جمعہ کے بیان میں سعید الحسن نے بتایا کہ دہشتگردوں کے ساتھی 3 ماہ سے گڑھی شاہو میں مقیم تھے، گڑھی شاہو میں دہشت گردوں کے ساتھی ٹی سٹال چلاتے تھے، 6 لوگوں نے 3 ماہ سے عمارت کرائے پر لے رکھی تھی۔


ای پیپر